0
Saturday 15 Nov 2014 17:02

پرامن محرم سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے، عبدالغفور خان آفریدی

پرامن محرم سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے، عبدالغفور خان آفریدی
اسلام ٹائمز۔ ڈی آئی جی ڈیرہ اسماعیل خان، عبدالغفور آفریدی نے کہا کہ محرم الحرام کے حساس ایام میں شیعہ سنی مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کا امن و امان کے قیام میں ضلعی پولیس و انتظامیہ کیساتھ خصوصی تعاون مستقبل میں بھی ڈیرہ اسماعیل خان کے امن کیلئے ایک نوید ہے۔ تمام تر خطرات اور دہشتگردوں کی جانب سے ملنے والی دھمکیوں کے باوجود عوام کے تعاون سے محرم الحرام کے دس ایام باخیریت گزر جانے پر ہم خدا پاک کا شکر بجا لاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی پولیس ڈیرہ کی جانب سے لائن پولیس میں محرم الحرام میں سول سوسائٹی اور شیعہ سنی مکتب فکر کے خصوصی تعاون پردیئے گئے ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ، ڈپٹی کمشنر وقار علی خان، اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ سلیمان لودھی، اسسٹنٹ کمشنر کلاچی ڈاکٹر سلیمان لابر، ایس پی ایف آر پی حاجی ثناء اللہ خان مروت، ڈی ایس پی سٹی توحید خان گنڈہ پور، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر بہاول خان، ایم ایس ڈسٹرکٹ ہسپتال ڈاکٹر کریم شاہ، ضلعی مصالحتی کمیٹی کے چیئرمین احسان اللہ خان بابر، مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد اور مختلف مکاتب فکر کے اکابرین بھی موجود تھے۔ تقریب کے دوران ضلعی پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے دوران تعاون کرنے پر عمائدین، تاجران اور میڈیا کے نمائندوں کو تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔ ڈی آئی جی ڈیرہ عبدالغفور آفریدی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان صوبہ خیبر پختونخوا میں انتہائی حساس نوعیت کا ضلع ہے۔ جنوبی وزیرستان سے متصل سرحدات کی وجہ سے اس ضلع میں ہمیشہ دہشتگردوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ اس محرم الحرام میں بھی پاکستان بھر میں ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کو حساس قرار دیا گیا تھا۔ ہمیں محرم الحرام کے ایام میں حساس اداروں کی جانب سے دہشتگردوں کے حملوں کی بھی پیشگی اطلاعات تھیں۔ ضلعی پولیس نے محرم الحرام کے ایام میں تمام جلوسوں اور مجالس کی فول پروف سکیورٹی کرکے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیئے تاہم اس سلسلے میں سول سوسائٹی اور شیعہ سنی مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے مشران نے بھی دن رات ضلعی پولیس و انتظامیہ کا ساتھ دیکر ثابت کردیا۔ کہ وہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے امن و امان کیلئے یکجا ہیں اور ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی کیلئے ہر ممکن قربانی دینے کو بھی تیار ہیں۔ ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت اپنی جان پر کھیل کر کریگی۔ وعدہ کرتے ہیں کہ ڈیرہ اسماعیل خان کے امن کو برقرار رکھیں گے۔ محرم الحرام کے پرامن انعقاد سے پولیس کا مورال بلند ہوا ہے۔ جس طرح محرم الحرام کے دوران عمائدین سے اخلاص سے کام کیا۔ آئندہ ایام میں بھی اسی اخلاص کے تحت کام کیا جائیگا۔
خبر کا کوڈ : 419646
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش