QR CodeQR Code

عمران خان 30 نومبر کو اسلام آباد میں دہشت گردی کرنا چاہتے ہیں، پرویزرشید

16 Nov 2014 19:32

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے کچھ دہشت گردوں کےساتھ رابطے کی بھی کوشش کی ہے، ہماری طرف سےکبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا گیا، آج بھی مذاکرات کے لئےتیار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ عمران خان نے 30 نومبر کو اسلام آباد میں دہشت گردی کا تہیہ کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں انہوں نے کچھ دہشت گردوں کےساتھ رابطے کی بھی کوشش کی ہے۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ پی ٹی وی پر حملے پرعمران خان نے طاہرالقادری سے مبارکباد وصول کی، انہوں نے پی ٹی وی پر حملہ کرنے والوں کو اپنا ٹائیگر کہا اور واپس آنے کی ہدایت کی جس پر وہ واپس بھی آگئے، جب حکومت نے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کیا تو یہ عمران خان اور ان کی جماعت ہی تھی جنہوں نے انہیں پولیس اسٹیشن سے چھڑایا، ان کے وکلا نے پی ٹی وی پر حملے میں گرفتار لوگوں کی ضمانتیں کرائیں اور اب اس واقعے میں ملوث ہونے سے انکار کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 14 اگست سے یکم ستمبر تک اشتعال انگیز تقرریں کیں، انہوں نے کہا تھا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف نے استعفیٰ نہ دیا تو ان کے ٹائیگر جو کریں گے اس کے ذمہ دار خود ہوں گے اور جب انہیں احساس جرم ہوا تو کہنے لگے، انہیں واقعے کا پتہ ہی نہیں وہ تو کنٹینر میں سو رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل شیخ رشید نے مارو، مرو اور جلاؤ گھیراؤ کی ترغیب دی، عمران خان اب بھی بتادیں جب شیخ رشید نے یہ بات کی تو وہ سو رہے تھے یا جاگ رہے تھے، کیونکہ اگر اس تقریر پر کوئی واقعہ ہوا تو عمران خان کو اس سے جان چھڑانا مشکل ہو جائے گی اور اس کی ذمہ داری بھی قبول کرنی پڑے گی، اس لئے بہتر ہے کہ وہ پارلیمانی سیاست کے ذریعے ان مقاصد کو حاصل کرنے کی کوشش کریں جو ان کا سیاسی نکتہ نظر ہے۔

پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت نے دھرنے کے معاملے میں صبر کا مظاہرہ کیا، جس کی وجہ سے لوگوں کو ان کا اصل چہرہ سامنے آ گیا ہے، طاہرالقادری نے اپنے کینیڈین پاسپورٹ کی تجدید کے لئے دھرنا ختم کر دیا، ہم چاہتے ہیں کہ عوام ان کے عزائم کے لئے استعمال نہ ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت تحریک انصاف سے بات چیت کے لئے تیار ہے، ہماری طرف سےکبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا گیا۔ ہم آج بھی مذاکرات کے لئےتیار ہیں اور مذاکرات آئین اورقانون کے اندر رہتے ہوئے ہوں گے۔


خبر کا کوڈ: 419829

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/419829/عمران-خان-30-نومبر-کو-اسلام-آباد-میں-دہشت-گردی-کرنا-چاہتے-ہیں-پرویزرشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org