QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایس ایچ او زخمی، جوابی کاروائی میں ایک ملزم ہلاک

20 Nov 2014 21:02

اسلام ٹائمز: سی آر بی سی چوک کے قریب زیر تعمیر مارکیٹ میں مشکوک افراد کی نقل و حرکت دیکھ کر ایس ایچ او عبدالمجید نے ان کا تعاقب شروع کردیا، کچھ فاصلہ گزرنے کے بعد دہشتگردوں نے گاڑی روک کر پولیس موبائل پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جسکی زد میں ایس ایچ او تھانہ صدر شدید زخمی ہوگئے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایڈیشنل ایس ایچ او تھانہ صدر عبدالمجید شدید زخمی ہوگئے ہیں۔ پولیس کی جوابی کاروائی میں ایک دہشتگرد موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ تھانہ صدر کی سرکاری پولیس موبائل سی آر بی سی چوک کے علاقے میں معمول کی گشت پر تھی۔ وہاں موجود زیر تعمیر مارکیٹ میں مشکوک افراد کی نقل وحرکت دیکھ کر ایس ایچ او نے پولیس موبائل میں ان کا تعاقب شروع کردیا۔ اس دوران ملزمان نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ جس سے ایڈیشنل ایس ایچ او صدر عبدالمجید زخمی ہوگیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ملزم بھی مارا گیا تاہم اسکے دیگر تین ساتھی موقع سے فرار ہو گئے۔ مارے جانیوالے ملزم کی جیب سے جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوا جس پرملزم کی تصویر موجود تھی تاہم اس کا نام ریاض حسین شاہ ولد محمدحسن شاہ سکنہ سیدعلیاں درج تھا جو کہ پولیس کی ابتدائی تفتیش میں غلط ثابت ہوا کیونکہ ریاض حسین شاہ اپنے علاقہ میں موجود پایا گیا۔ صدر پولیس نے زخمی ایڈیشنل ایس ایچ او عبدالمجیدکی رپورٹ پر چار ملزمان کیخلاف 324-353-7ATA/15AA-427/34PPC کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔ واقعہ کی اطلاع پر ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور اس واقعہ کی تفتیش شروع کر دی۔ بعد ازاں میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ نے کہا کہ ملزمان موقع پر کسی دہشتگردی کی نیت سے موجود تھے تاہم پولیس کی بروقت کارروائی سے ان کے یہ عزائم خاک میں مل گئے۔ پولیس جان پر کھیل کر اپنے فرائض سرانجام دیتی رہیگی۔


خبر کا کوڈ: 420587

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/420587/ڈی-آئی-خان-دہشتگردوں-کی-فائرنگ-سے-ایس-ایچ-او-زخمی-جوابی-کاروائی-میں-ایک-ملزم-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org