0
Sunday 23 Nov 2014 10:26
جماعت کسی خاندان یا گروہ کی جاگیر نہیں

جماعت اسلامی کے کارکنان کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے، آٹھ سالہ کارکردگی رپورٹ

جماعت اسلامی کے کارکنان کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے، آٹھ سالہ کارکردگی رپورٹ
اسلام ٹائمز۔ سہ روزہ اجتماع عام میں خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل لیاقت بلوچ نے آٹھ سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مینار پاکستان کے سائے میں عوام کا جم غفیر اس بات کی خوش خبری دے رہا ہے کہ آئندہ جب اکٹھے ہوں گے، تو انشاءاللہ اسلامی اور خوشحال پاکستان وجود میں آ چکا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی پاکستان عوام کا مقدر ہے، اسے کوئی نہیں روک سکتا۔ جماعت اسلامی پاکستان کے ملک گیر اجتماع عام کے دوسرے روز لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی آئین و قانون کی بالادستی اور ملک میں اسلامی فلاحی جمہوری نظام کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی اور پاکستان سے بیرونی مداخلت کا خاتمہ کر کے اسے اقوام عالم میں ممتاز مقام دلانے کے لیے کوئی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر میں جماعت اسلامی کی دعوت تیزی سے پھیل رہی ہے، جماعت اسلامی کے کارکنان اور ارکان کی شبانہ روز محنت رنگ لا رہی ہے، وہ دن دور نہیں جب اس دعوت کے نتیجے میں پاکستان میں اسلامی انقلاب برپا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اجتماع اس تاریخی مقام پر منعقد ہو رہا ہے، جہاں برصغیر کے مسلمانوں نے اپنے لیے آزاد وطن کے حصول کی جدو جہدکا فیصلہ کیا تھا، آج کا اجتماع اس امر کی نوید ہے کہ جماعت اسلامی آج سے 75 سال قبل کیے گئے عہد کو پورا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے گزشتہ 6 برس کے دوران کامیاب مہمات چلا کر نہ صرف ڈکٹیٹر مشرف کو رخصت کیا، بلکہ گو امریکہ گو کا نعرہ عوام کی آواز بن گیا، پنجاب میں گورنر راج، عدلیہ کی بحالی تحریک عافیہ صدیقی کی رہائی اور سوات و وزیرستان میں بے گھر ہونے والے افراد کی خدمت کے ساتھ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ اور بھتہ خوری کے خاتمہ، بلوچستان میں عوامی حقوق کی بحالی اور فوجی آپریشن کے خلاف آواز بلند کی ہے، جماعت اسلامی کے ان معاملات پر موقف کو پوری قوم نے سراہا ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے جمات اسلامی اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، الخدمت نے سیلاب زدہ علاقوں، بارش کے متاثرین، زلزلہ زدگان، پینے کی صاف پانی فراہمی اور صحت کے شعبوں میں زبردست خدمات انجام دی ہیں۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے کارکنان کی تعداد میں زبردست اضافہ ہوا ہے، ملک بھر میں مرد و خواتین کارکنان کی تعداد لاکھوں میں ہے، جماعت اسلامی میں جمہوری اقدار کی پاسداری کا جو تصور ہے اس کی مثال پیش نہیں کی جا سکتی، جماعت اسلامی کسی خاندان، گروہ، نسل کی جاگیر نہیں، بلکہ ہر سطح پر مشورے اور انتخاب سے اپنی قیادت کا انتخاب کرتی ہے اور گزشتہ برسوں میں قاضی حسین احمد کی امارت سے معذرت کے بعد سید منور حسن اور اب سراج الحق کا انتخاب جمہوری روایت کے استحکام کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک بھر کے مزدور، کسان، انجینئرز، وکلاء، طلباء اور خواتین کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے رہی ہے، جبکہ قرآن کی دعوت، یتیم بچیوں کی پرورش، غریب طلباء کو مفت تعلیم اور اسکالر شپس، مظلوم خواتین کی دادرسی، ویمن کمیشن کے تحت مغرب کے پروپیگنڈے کے خلاف لٹریچر کی اشاعت، صحت مراکز، دینی تعلیم کے فروغ اور فوجی آپریشن کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے افراد کی خدمت کا کام انتہائی جاں فشانی سے کر رہی ہے۔
خبر کا کوڈ : 420948
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش