0
Sunday 23 Nov 2014 10:44

جعلی انتخابات کشمیرکی متنازعہ حیثیت بدل نہیں سکتے، چوہدری عبدالمجید

جعلی انتخابات کشمیرکی متنازعہ حیثیت بدل نہیں سکتے، چوہدری عبدالمجید
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری عبدالمجید نے مقبوضہ کشمیر میں ریاستی اسمبلی کے ڈھونگ انتخابات کے خلاف مقبوضہ کشمیر میں 25 نومبر کو مکمل شٹرڈائون ہڑتال کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام نے اس سے قبل بھی بھارتی انتخابات کے ڈرامے کو مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی اس کو تسلیم نہیں کریں گے۔ بھارت ڈرامے چھوڑ کر کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دے۔ جعلی انتخابات جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کرسکتے۔ وہ ہفتہ کے روز ایوان وزیراعظم میں صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید نے کہا کہ بھارت دنیا کے سامنے اپنے جعلی انتخابات کو کشمیریوں کے حق خودارادیت کے نعم البدل کے طور پر پیش کرتا ہے تاکہ جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل کر کے اسے اپنا اٹوٹ انگ بنا سکے۔ 

انھوں نے کہا کہ بھارت آج بھی مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے اندھے استعمال اور کالے قوانین کے ذریعے لوگوں کی آواز دبا کر اپنے مقاصد پورے کرنا چاہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایسے انتخابات کسی بھی طور پر کشمیریوں کی آواز نہیں ہیں بلکہ یہ بھارت کا ایک طے شدہ ایجنڈا ہے کہ کشمیر پر اپنے غاصبانہ قبضے کو طوالت دے کر قانوںی جواز مہیا کر سکے۔ انھوں نے 25 نومبر کو فراڈ انتخابات کی پولنگ کے موقع پر حریت کانفرنس کی مکمل ہڑتال کی ایپل کی حمایت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کا پرامن احتجاج قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ فراڈ انتخابات کے خلاف آئے روز کشمیریوں کے مظاہروں سے عالمی برادری کو یہ جان لینا چاہیے کہ کشمیری عوام نے فراڈ انتخابات سے اعلان لاتعلقی کر دیا ہے۔ 

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں اس وقت اںتخابی مہم پر کروڑوں روپے خرچ کر رہی ہے تاکہ کسی طرح کشمیری عوام کو جھانسہ دے کر ان سے مینڈیٹ حاصل کر سکے۔ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں انتہا پسندی کو ہوا دینا چاہتی ہے لیکن کشمیری عوام اس کی اس سازش سے پوری طرح آگاہ ہیں وہ انتخابات کے خلاف پرامن تحریک چلا رہے ہیں۔ انھوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کی طرف سے فراڈ انتخابات کا نوٹس لیتے ہوئے اس پر کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت دینے کے لیے دبائو ڈالے۔
خبر کا کوڈ : 420953
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش