0
Monday 24 Nov 2014 10:42

مقبوضہ کشمیر میں کل مکمل ہڑتال ہو گی

مقبوضہ کشمیر میں کل مکمل ہڑتال ہو گی
اسلام ٹائمز۔ مقبوضہ کشمیر میں گاندربل اور بانڈی پورہ کے اضلاع میں کل نام نہاد اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے پرمکمل ہڑتال کی جائے گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے۔ اے پی ایچ سی کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں کو نام نہاد انتخابات کو بالکل مسترد کرکے عالمی برادری کو ایک بار پھر باور کرانا چاہیے کہ وہ کشمیر پر بھارت کے جبری قبضے کو مسترد کرتے ہیں اور یہ کہ انتخابات کشمیریوں کے حق خودارادیت کا ہرگز نعم البدل نہیں۔ انھوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کی راہ میں مسئلہ کشمیر بنیادی رکاوٹ ہے اور پاکستان و بھارت کے درمیان کشیدگی کی اصل وجہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کا کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے مطابق حل ناگزیر ہے۔ ترجمان نے بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں شہید ہونے والے شیراز احمد گنائی، آصف احمد اور شبیراحمد گوجرنامی نوجوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔ ادھر جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو صورہ اسپتال سے واپس اسلام آبادجیل میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ بھارتی پولیس نے تنظیم کے متعدد دیگر رہنماؤں اور کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔

سری نگرکے علاقے مائسمہ میں لوگوں نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے رہنما نورمحمد کلوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ بھارتی پولیس اہلکاروں اور مظاہرین کے درمیان کئی گھنٹوں تک جھڑپیں جاری رہیں۔ دوسری جانب نام نہاد انتخابات کے خلاف سوشل میڈیا پر مہم چلانے کے الزام میں بھارتی پولیس نے متعدد نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ سائبرسیل سے وابستہ پولیس حکام نے جدید انٹرنیٹ پروٹوکول آلات کی مدد سے ان نوجوانوں کا پتہ لگایا جو سماجی ویب سائٹس پر انتخابات کیخلاف مواد اپ لوڈ کر رہے ہیں۔ مزید گرفتاریوں کیلیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

بھارتی پولیس کی ظالمانہ کاروائیوں کے باوجود لبریشن فرنٹ کی نام نہاد الیکشن بائیکاٹ مہم جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یاسین ملک کو دونوں گردوں میں پتھری کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ بزرگ حریت رہنما علی گیلانی نے پلوامہ اورکولگام کے سیلاب سے متاثر 50 بے گھرخاندانوں میں 10,10ہزار روپے کے چیک اور دیگر اشیاء پر مشتمل پیکٹس تقسیم کرتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ مصیبت کی اس گھڑی میں سیلاب زدگان کی بھرپور مدد کریں۔ انھوں نے جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو بیماری کی حالت میں اسلام آبادجیل منتقل کرنیکی مذمت کی۔
خبر کا کوڈ : 421121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش