0
Monday 24 Nov 2014 11:45

فیصل آباد، چہلم پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم

فیصل آباد، چہلم پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کا حکم
 اسلام ٹائمز۔ آر پی او فیصل آباد نے چہلم حضرت امام حسین علیہ السلام کے موقع پر ریجن بھر میں فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر احسان طفیل نے سی پی او فیصل آباد، ڈی پی اوز جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا ازسرنو جائزہ لے کر جامع اور بروقت سکیورٹی پلان جاری کئے جائیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع منصوبہ بندی کی جائے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ضلعی لیول پر بالخصوص اور تھانہ کی سطح پر بالعموم امن کمیٹیوں سے میٹنگ کر کے کشیدگی والے پوائنٹس کے حل کے لئے مناسب لائحہ عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ریجن کے سی پی او، ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں چہلم کے پروگراموں کے سکیورٹی پلان کو سپروائز کریں گے، جبکہ تمام بڑے جلوسوں اور مجالس کی سپرویژن پر متعلقہ ایس پی /ایس ڈی پی او/ایس ایچ اوز خود عمل کریں گے۔ حساس جلوسوں کے روٹس کے اردگرد حصار قائم کرتے ہوئے داخلی/خارجی راستوں پر پکٹ قائم کی جائیں گی اور چھت ڈیوٹی لگائی جائے گی۔ بذریعہ سپیشل برانچ روٹ جلوس پر سکریننگ، سویپنگ کا بندوبست اور بم ڈسپوزل سکواڈ کے ذریعے تکنیکی معائنہ کروایا جائے گا۔

مزید برآں سنفر ڈاگز کے ذریعے اہم مقامات کی تلاشی بھی لی جائے گی۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے ساتھ ساتھ واک تھروگیٹ نصب کئے جائیں گے اور میٹل ڈٹیکٹر کے ذریعے باڈی سرچ عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام سی پی او/ڈی پی اوز اپنے آفس میں آر پی او آفس کی طرح فوری طور پر کنٹرول روم قائم کر کے بروز چہلم 24 گھنٹے ہر قسم کی انفارمیشن سے متعلق افسران کو مطلع کریں گے۔ تمام پولیس نفری کو ڈیوٹی پر بھیجنے سے قبل بریف کیا جائے گا اور اینٹی رائٹ اور دیگر ضروری سامان سے لیس کیا جائے گا۔ جہاں ضرورت ہو وہاں لیڈیز پولیس آفیسرز کو بھی تعینات کیا جائے گا۔ ایلیٹ فورس اور موبائل گشت ہمہ وقت جاری رہے گی۔ ریجن ہذا کے تمام اضلاع میں سی ٹی او / ایس پی ٹریفک ریجن، ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے ذمہ دار ہونگے اور رش والی جگہوں پر پارکنگ کے مناسب اقدامات کریں گے۔ تھانوں میں خصوصی ریزرو ہائے پولیس حاضر رکھی جائے گی، تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال کو بروقت کنٹرول کیا جا سکے۔ ضلعی انٹیلی جنس کمیٹی سے قریبی روابط رکھیں جائیں گے، تاکہ تھریٹ الرٹ کی صورت میں ضروری اقدامات عمل میں لائے جا سکیں اور دہشت گرد، شرپسند عناصر اپنے مزموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔
خبر کا کوڈ : 421127
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش