0
Monday 24 Nov 2014 22:52

کوئٹہ میں 1414 جدید کیمرے نصب کرنے کے منصوبے کی منظوری

کوئٹہ میں 1414 جدید کیمرے نصب کرنے کے منصوبے کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ دہشتگردی اور جرائم کے خاتمہ کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ ناگزیر ہے۔ آئی ٹی نظام سے کوئٹہ شہر کو دہشتگردی اور سنگین جرائم سے محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔ ڈائریکٹر جنرل انفارمیشن ٹیکنالوجی نے وزیراعلٰی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبائی دارالحکومت کی سکیورٹی کے سلسلے میں شہر کے چھ مختلف داخلی اور خارجی راستوں پر گاڑیوں اور مشکوک افراد کی نگرانی اور شہر کے مختلف اور حساس مقامات پر ایک ہزار چار سو چودہ (1414) جدید کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ جس کے نتیجے میں شہر میں کسی بھی مشکوک شخص، گاڑی اور دیگر مشکوک اشیاء کو کنٹرول روم میں نصب جدید نظام کے ذریعے نگرانی کی جائے گی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ کیمروں کو پی ٹی سی ایل (PTCL) کے علاوہ وائرلیس نظام جبکہ بجلی کی بندش کی صورت میں شمسی نظام سے فعال رکھا جائے گا جبکہ کیمروں کے ذریعے تمام گاڑیوں کے نمبر اور ان میں بیٹھے افراد کی بھی شناخت کی جا سکے گی۔ مشکوک گاڑی، اشخاص اور اشیاء کی کیمروں کے خود کار نظام کے تحت نشاندہی بھی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ صوبائی دارالحکومت کے داخلی راستوں پر گاڑیوں کے اندر موجود اشیاء کی جانچ پڑتال کے لیے ایکسرے مشین نصب کی جائیں گی۔ جن کی مدد سے ان میں موجود اشیاء کو دیکھا جا سکے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کیمروں کے جدید نظام کی نگرانی کے لیے دو مختلف مقامات پر مانیٹرنگ سینٹر قائم کئے جا رہے ہیں اور اس کے علاوہ پولیس کی گاڑیوں میں بھی اسکرین لگائی جائیں گی تاکہ ڈیوٹی پر مامور پولیس افسران بھی صورتحال کا جائزہ لے سکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک جرائم کی روک تھام کے لیے اس نظام سے استفادہ کر رہے ہیں۔ اتصالات ایڈوائزری بزنس ڈویلپمنٹ کے ٹیم ممبر سمیر اجاوی نے اجلاس کو بتایا کہ ان کی کمپنی ابوظہبی میں ایسے منصوبوں کو کامیابی سے چلا رہی ہے اور اس ضمن میں ان کے ساتھ وسیع تجربہ اور مہارت موجود ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ دور حاضر میں دہشت گردی سمیت دیگر سنگین جرائم کی روک تھام کے لیے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے استعمال سے ترقی یافتہ ممالک نے استفادہ کرتے ہوئے اپنے عوام کو تحفظ فراہم کیا ہے۔ بڑھتی ہوئی آبادی اور دہشت گردی میں اضافے کا مقابلہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے ہی ممکن ہے۔ وزیراعلٰی نے سختی سے ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کو نہ صرف کارآمد اور موثر بنانے مستقل کارکردگی کو دیرپا بنانے کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں۔ اس منصوبے پر عملدرآمد کے تمام مراحل شفاف طریقے سے اس طرح پایہ تکمیل تک پہنچائیں کہ آئندہ اس اہم منصوبے پر کوئی تنقید نہ کر سکے۔ کوئٹہ شہر میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب سے جرائم اور دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام میں کافی مدد ملے گی۔
خبر کا کوڈ : 421265
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش