QR CodeQR Code

سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں کا پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنانے کا فیصلہ

25 Nov 2014 01:03

اسلام ٹائمز: کراچی میں سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں الہیٰ بخش سومرو، غوث علی شاہ، لیاقت جتوئی اور مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی صدر پیر صدرالدین راشدی نے شرکت کی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کیخلاف سندھ میں نیا سیاسی اتحاد سامنے آگیا، سندھ کی مختلف سیاسی جماعتوں نے سندھ حکومت کی ناقص کارکردگی پراسے تنقید کا نشانہ بتائے ہوئے صوبے میں ایک نیا اتحاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے، کراچی میں سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کی رہائش گاہ پر مختلف سیاسی جماعتوں کا اجلاس ہوا، جس میں الہیٰ بخش سومرو، غوث علی شاہ، لیاقت جتوئی اور مسلم لیگ فنکشنل کے صوبائی صدر پیر صدرالدین راشدی نے شرکت کی۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے ارباب غلام رحیم نے کہا کہ سندھ میں ڈاکوؤں کا راج ہے، موجودہ سندھ حکومت نے تھرپارکر میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرایا، جبکہ صوبے میں کرپشن عروج پر ہے اور جس کا جی چاہتا ہے زمینوں پر قبضہ کر لیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2 دن پہلے ایم کیو ایم کے رہنماء کھانے کی دعوت پر گھر آئے تھے، اسمبلیوں پر اعتبار ہے، حکمرانوں پر اعتبار نہیں۔

لیاقت جتوئی نے کہا کہ سندھ میں کرپشن انتہاء پر ہے، گڈ گورننس نظر نہیں آتی، صوبے میں لاء ہے نہ کوئی آرڈر، پولیس کی سرپرستی میں چور ڈاکو دندنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، اندرون سندھ لوگ بچے فروخت کرنے پر مجبور ہوگئے، ہزاروں اسکول بند ہیں، اسپتالوں میں دوائیاں موجود نہیں۔ لیقت جتوئی کا کہنا تھا کہ سندھ کی بہتری کیلئے ایم کیو ایم کے دوستوں سے بات کریں گے، ملنے میں برائی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلیوں کا معاملہ بھی انتہائی سنگین ہے، سندھ حکومت کو سمجھا سمجھا کر تھک گئے، کچھ نہ ہونے پر ہی اتحاد بنایا ہے، ریفرنڈم کرالیں کس نے کام کیا ہے، پتا چل جائے گا، سیاست نہیں چمکانا چاہتے، اتحاد قوم کی ضرورت ہے۔ غوث علی شاہ نے کہا کہ گھر بیٹھے مسلم لیگی ملک کیلئے آگے آئیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دھاندلی کیخلاف ہم عدالت میں گئے، کوشش ہے کہ مل کر حالات کو بہتر کریں۔ صدر الدین راشدی کا کہنا تھا کہ اٹھارہویں ترمیم لانے والی پیپلز پارٹی تھی، تاہم اس کے بعد تمام محکمے آدھے تیتر آدھے بٹیر بن گئے۔


خبر کا کوڈ: 421298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/421298/سندھ-کی-مختلف-سیاسی-جماعتوں-کا-پیپلز-پارٹی-مخالف-اتحاد-بنانے-فیصلہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org