QR CodeQR Code

بین الاقوامی انویسٹیگیٹرز کے اقدامات انتہائی بے شرمانہ اور لبنان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے، عوام بائیکاٹ کریں، سید حسن نصراللہ

29 Oct 2010 13:07

اسلام ٹائمز: حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل نے رفیق حریری قتل کیس سے متعلقہ تحقیقاتی کمیٹی کے اقدامات کو لبنان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے لبنانی شہریوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسکے ساتھ کسی قسم کا تعاون نہ کریں۔


اسلام ٹائمز- العالم نیوز چینل کے مطابق حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے کہا ہے کہ رفیق حریری قتل کیس سے متعلقہ تحقیقاتی کمیٹی کے ارکان کی جنوبی لبنان میں ایک زنانہ اسپتال جا کر لبنانی خواتین کے بارے میں اہم معلومات حاصل کرنے کی کوشش انتہائی بے شرمانہ اور لبنان کے اندرونی معاملات میں کھلی مداخلت ہے۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ روز جمعرات کی رات اپنے ٹیلیویژن خطاب میں کہی۔ انہوں نے لبنانی عوام سے مطالبہ کیا کہ وہ رفیق حریری قتل کیس تحقیقاتی کمیٹی کے اراکین سے کسی قسم کا تعاون نہ کریں کیونکہ یہ اراکین لبنانی شہریوں کے بارے میں اہم معلومات اسرائیل کو فراہم کرتے ہیں۔
سید حسن نصراللہ نے کہا کہ یہ مسئلہ ہمارے لئے انتہائی اہم اور حساس ہے کیونکہ ہماری عزت اور ناموس سے مربوط ہے۔ انہوں نے کہ میں نے اب تک حریری خاندان کی خاطر خاموشی اختیار کر رکھی تھی لیکن اب یہ مسئلہ ایسے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے کہ میں خاموش نہیں رہ سکتا۔
یاد رہے کہ بدھ کے روز رفیق حریری قتل کیس سے متعلق بین الاقوامی عدالت کی تحقیقاتی کمیٹی کے چند اراکین غیرقانونی طور پر جنوبی لبنان کے علاقے ضاحیہ میں ایک زنانہ اسپتال میں داخل ہو گئے اور 17 لبنانی شہری خواتین کے ریکارڈ حاصل کرنے کی کوشش کی جس پر مقامی افراد نے مشتعل ہو کر انہیں وہاں سے نکال باہر کیا۔
اسی طرح حزب اللہ لبنان کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصراللہ نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے ام الفحم میں نہتے فلسطینی شہریوں پر صہیونیستوں کے وحشیانہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس پر عالمی برادری کی پراسرار خاموشی پر افسوس کا اظہار کیا۔ سید حسن نصراللہ نے کہا کہ امریکہ لبنان میں ناامنی پھیلانے کی سازشوں میں مصروف ہے اور اسی راستا میں کوشش کر رہا ہے کہ سعودی عرب اور شام کی طرف سے قومی مفاہمت کیلئے انجام پانے والی کوششوں کو ناکام بنائے۔


خبر کا کوڈ: 42145

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/42145/بین-الاقوامی-انویسٹیگیٹرز-کے-اقدامات-انتہائی-بے-شرمانہ-اور-لبنان-اندرونی-معاملات-میں-کھلی-مداخلت-ہے-عوام-بائیکاٹ-کریں-سید-حسن-نصراللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org