0
Wednesday 26 Nov 2014 19:48

جہاں صبح و شام کا آغاز ہی رونے سے ہو، انہیں دہشتگرد کیا رلائیں گے، اکرام اللہ خان

جہاں صبح و شام کا آغاز ہی رونے سے ہو، انہیں دہشتگرد کیا رلائیں گے، اکرام اللہ خان
اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر زراعت سردار اکرام اللہ خان گنڈہ پور نے ڈی آئی خان کے علاقے موسٰی زئی شریف میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کی خدمت کرنے سے ہمیں دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ ظالموں نے میرے پیارے بھائی کو میری آنکھوں کے سامنے شہید کر دیا لیکن وہ اگر ہمارے سارے خاندان پر بھی حملے کریں، تو بھی ہمیں عوام سے دور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ جس گھر کی صبح اور شام کا آغاز ہی رونے سے ہوتا ہو انہیں یہ لوگ اور کیا رلائیں گے لیکن اس کے باوجود بھی اپنے حلقہ کی غریب عوام کی بھرپور خدمت کرتا رہوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سردار اسرار اللہ خان گنڈہ پور ایک سچے انسان تھے اور ان کے قول فعل میں تضاد نہیں تھا، وہ حزب اختلاف میں رہ کر بھی عوام کیلئے کروڑوں کے منصوبے لاتے رہے۔ انشاءاللہ اپنے بھائی کے نقش قدم پر چل کر اس کے ادھورے منصوبے مکمل کرونگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مخالفین ہماری مخالفت ضرور کریں لیکن خدارا عوام کے فلاحی کاموں میں رکاوٹیں کھڑی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میں مولانا فضل الرحمٰن سے بھی اپیل کرونگا کا کہ وہ عوام کے فلاحی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے  سے اپنے ورکروں کو منع کریں۔ میرے لئے گنڈہ پور گروپ ہی نہیں بلکہ میرے حلقے کے تمام لوگ قابل احترام ہیں اور سب کی بلا امتیاز خدمت کرونگا۔ انہوں نے یو سی موسیٰ زئی شریف کیلئے بیس کروڑ کے ترقیاتی پروجیکٹ کا اعلان کیا۔ یہ پروجیکٹ NCHD کے تعاون سے لایا گیا اور پہلے مرحلے میں گیارہ سال سے پنتالیس سالہ خواتین کو سلائی کڑھائی کی ٹریننگ دیکر انہیں برسر روزگار کیا جائے گا۔ اس اسکیم کے لئے پچیس لاکھ کا فنڈ مختص کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ یہ چار سالہ منصوبہ ہے جس میں آگے تعلیم کی بہتری اور دوسرے ترقیاتی کام کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ صرف گنڈہ پور گروپ کیلئے نہیں بلکہ میرے حلقہ کی تمام غریب عوام کیلئے ہے۔
خبر کا کوڈ : 421503
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش