0
Wednesday 26 Nov 2014 20:50

پولیو ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں، پشتونخوامیپ

پولیو ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں، پشتونخوامیپ
اسلام ٹائمز۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی کیجانب سے کہا گیا ہے کہ مشرقی بائی پاس پر انسداد پولیو ٹیم پر حملے اور اس میں 3 خواتین اور ایک مرد کے جاں بحق ہونے اور دو خواتین کے شدید زخمی ہونے کے دہشتگرانہ سفاکانہ اور انسانیت سوز حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ذمہ داران پر زور دیا گیا ہے کہ انسداد پولیو ٹیم پر حملے میں ملوث دہشتگردوں کی فوری گرفتاری اور انہیں عبرتناک سزا دینے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ پولیو ٹیم کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں۔ پاکستان بالخصوص پشتون بلوچ صوبے میں رواں سال پولیو کے درجن بھر نئے کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ جو مستقبل قریب میں بڑھنے کا خدشہ ہے اور صوبے میں موجود پولیو وائرس پولیو کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پشتون بلوچ صوبے میں پولیو کے کیسز سامنے آنے کے سلسلے نے عالمی اداروں کو تشویش میں مبتلا کردیا ہے۔ پولیو ٹیموں کا بنیادی مقصد بچوں کو پولیو سے محفوظ کرنے کیلئے قطرے پلانا ہے لیکن دہشتگرد عناصر پولیو ٹیموں پر حملے کرکے ہمارے بچوں کو معذور بنانا چاہتے ہیں اور ان کے مستقبل سے کھیل کر اپنے ناپاک اور انسانیت دشمن عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانا نہایت لازمی امر ہے اور اس کے بغیر ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ نہیں بنا سکتے۔ نہ بچوں کو معذوی سے بچا سکتے ہیں۔ انسداد پولیو مہم کے کارکنوں پر حملے میں ملوث دہشتگرد عناصر کی بیخ کنی کی جائے اور انہیں جلد از جلد قانون کی گرفت میں لاکر سخت سزا دی جائے۔ بیان میں جاں بحق ہونیوالوں کے لواحقین اور خاندان سے دلی ہمدردی و یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
خبر کا کوڈ : 421539
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش