QR CodeQR Code

علامہ شیخ نواز عرفانی اسلام آباد میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے شہید

26 Nov 2014 23:02

اسلام ٹائمز: پارا چنار کی مرکزی مسجد کے خطیب معروف عالم دین علامہ شیخ نواز عرفانی پر وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای الیون میں انکی رہائشگاہ کے قریب فائرنگ کی گئی۔


اسلام ٹائمز۔ اسلام آباد میں معروف عالم دین علامہ شیخ نواز عرفانی کو نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے شہید کر دیا۔ مجلس وحدت مسلمین نے کہا ہے کہ قاتلوں کو 12 گھنٹے میں گرفتار نہ کیا گیا تو ملک گیر احتجاج کریں گے جبکہ شیعہ علماء کونسل نے بھی قاتلوں کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ پارا چنار کی مرکزی مسجد کے خطیب معروف عالم دین علامہ شیخ نواز عرفانی پر وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ای الیون میں ان کی رہائشگاہ کے قریب فائرنگ کی گئی، ان کا جسد خاکی پوسٹ مارٹم کیلئے پمز ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے سیکرٹری جنرل علامہ ناصر عباس نے شیخ نواز کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک عالم دین کو ملک کے دارالحکومت میں دہشتگردوں نے گولیوں کا نشانہ بنایا جو حکومت کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ان کا کہنا تھا کہ قاتل 12 گھنٹے میں گرفتار نہ ہوئے تو پورے ملک میں احتجاج کریں گے۔

دوسری جانب شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ ساجد نقوی نے شہید علامہ نواز عرفانی کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور لواحقین کو صبر کی تلقین کی۔ اس موقع پر انہوں نے علامہ نواز عرفانی کی شہادت کو مسلمانوں کو آپس میں دست و گریباں کرنے کی سازش قرار دیا اور امت کو اتحاد و وحدت کو قائم رکھنے کی اپیل کی۔


خبر کا کوڈ: 421566

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/421566/علامہ-شیخ-نواز-عرفانی-اسلام-آباد-میں-دہشتگردوں-کی-فائرنگ-سے-شہید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org