0
Thursday 27 Nov 2014 18:37
موجودہ حکومت کرپشن اور دھاندلی کی پیداوار ہے

30 نومبر کو قانون توڑنے نہیں اپنا حق لینے اسلام آباد جمع ہونگے، عمران خان

30 نومبر کو قانون توڑنے نہیں اپنا حق لینے اسلام آباد جمع ہونگے، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ گلبرگ میں واقع پارٹی آفس میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے احتجاج میں کامیاب ہوچکے ہیں، ہمارا مقصد قوم کی بیداری تھا، اور قوم جاگ چکی ہے، اب پی ٹی آئی اقتدار میں آئے گی تو ملک کی تقدیر بدل دیں گے اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام لاگو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کرپشن اور دھاندلی کی پیداوار ہے اور اسی دھاندلی کے بل بوتے پر اقتدار میں آکر عوام کی خدمت کی بجائے اس دھاندلی کا خراج وصول کرنے میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عوام کے مسائل سے کوئی دلچسپی نہیں، وہ صرف اپنے اثاثے بنانے میں مصروف ہیں۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم 30 نومبر کو قانون توڑنے نہیں اپنا حق لینے اسلام آباد جمع ہوں گے، میں نہ ہی پولیس سے ڈرتا ہوں اور نہ مجھے نون لیگ کی حکومت کا خوف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام کارکن اپنے اختلافات بھلا کر متحد ہوجائیں، کیونکہ دشمن نے چال چلی ہے کہ پی ٹی آئی میں اختلافات پیدا کرکے اسے کمزور کیا جائے اس لئے تمام رہنما متحد رہیں۔
 
عمران خان نے کہا کہ آج میں 14 اگست کی نسبت زیادہ جنون دیکھ رہا ہوں، حکمران خود کو بچانے کے لئے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، نواز شریف اگر عوام کے ووٹوں سے جیتے ہوتے تو 4 حلقے کھلوا دیتے، ان کی دھاندلی ثابت ہوچکی ہے۔ تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارے دھرنوں کی وجہ سے پٹرول اور مولانا فضل الرحمن کی قیمت میں کمی ہوئی ہے، اور ان دھرنوں کے مزید ثمرات آپ دیکھیں گے، مہنگائی کی شرح کم ہوگی، ہم اقتدار میں ابھی آئے نہیں اور ہماری وجہ سے مسائل حل ہونے لگ گئے ہیں، اگر اقتدار میں آگئے تو مسائل کو جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ حکمران اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں، اس لئے کارکن اور رہنما اپنے گھروں میں نہ سوئیں کیونکہ پولیس انہیں گرفتار کرسکتی ہے، کارکن ادھر ادھر رہیں اور 30 نومبر کو ہر صورت میں اسلام آباد پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کو صبح 8 بجے تمام کارکن قذافی اسٹیڈیم پہنچ جائیں اور وہاں سے اسلام آباد کے لئے قافلے روانہ ہوں گے۔
خبر کا کوڈ : 421737
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش