QR CodeQR Code

دھاندلی زدہ حکومت کی حقیقت سامنے لائی جائے، تصادم نہیں چاہتے، پرویز خٹک

28 Nov 2014 00:39

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ 30 نومبر کو ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، یہ ہمارا آئینی حق ہے، وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل ہے کہ راستے بند نہ کئے جائیں اور راستوں میں کنٹینر کھڑے نہ کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے۔ گیس اور پانی کے مسائل ہیں۔ ایک دن آئیگا کہ پریشان حال لوگ خود سڑکوں پر نکلیں گے۔ عمران خان اور تحریک انصاف کیساتھ پورا پاکستان کھڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں وزیر مال خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈہ پور کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے کیا۔ اس موقع پر وزیر مال خیبر پختونخوا سردار علی امین خان گنڈہ پور، وزیر اطلاعات مشتاق غنی، وزیر بلدیات عنایت اللہ خان، وزیر صحت شہرام ترکئی سمیت کابینہ کے دیگر اراکین اور ممبران صوبائی اسمبلی احتشام جاوید اکبر خان، جاوید نسیم، گل سید خان بھی موجود تھے۔ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت دھاندلی کی حکومت ہے۔ 30نومبر کو ہمارا احتجاج پر امن ہوگا۔ یہ ہمارا آئینی حق ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ سے اپیل ہے کہ راستے بند نہ کئے جائیں۔ کنٹینرنہ رکھے جائیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے کہا کہ آئین پڑھ لیں۔ میں سیاسی کارکن ہوں۔ جلسے جلوس بھی کرتا ہوں۔ 30 نومبر کے دھرنے میں شرکت آئین کی خلاف ورزی نہیں ہے۔ ہم احتجاج بھی کرینگے۔ ہمارا ایک مطالبہ ہے کہ موجودہ حکومت دھاندلی شدہ حکومت ہے۔ اس کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں۔ ہم کوئی تصادم کا راستہ نہیں اپنانا چاہتے۔ احتجاج ہمارا جمہوری حق ہے مگر تصادم کی راہ حکومت خود اپنا رہی ہے۔ یہ دھرنے بھی چلیں گے اور جلسے بھی چلیں گے۔ عمران خان کا پیغام پہنچ چکا ہے۔ ملک کو قرض دار کیا جا رہا ہے۔ عوام اب بیدار ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی حدود کے اندر جلسے ہو رہے ہیں۔30 نومبر کو عمران خان اسلام آباد میں احتجاج کرینگے۔ ایک ہی مطالبہ ہے کہ اس ملک میں دھاندلی ہوئی ہے۔ 30 نومبر کو لوگوں کو پتہ چل جائیگا کہ پی ٹی آئی جھوٹ بول رہی ہے یا حکومت۔ ہم پرامن ہیں۔ ہماری آزادی کے حق کو نہ چھینیں۔ جلسہ کرنے دیں تاکہ ملک میں انتشار نہ پھیلے۔ منشور پر کام کر رہے ہیں۔ ہمیں لوگ تبدیلی کیلئے کیوں لے کرآئے۔ لوگوں نے ہمیں کیوں ووٹ دیا۔ ہمیں لوگوں نے اس لئے ووٹ دیا کہ وہ اس نظام سے تنگ تھے۔ لوگ ہمیں اس لئے اقتدار میں لیکر آئے کہ ہم تعلیم اور صحت کو بہتر کریں۔ پٹوار خانے اور تھانوں سے رشوت ختم کریں۔ ہماری حکومت کی ترجیح ہے کہ ہم نظام بدل رہے ہیں۔ ہم صوبے میں ایک سسٹم بنا رہے ہیں۔ 140 قانونی ترامیم ہم نے اسمبلی سے منظور کرائی ہیں تاکہ ادارے اپنا کام درست سمت میں کر سکیں۔ بغیر سفارش اور بغیر رشوت کے عوام کو ان کاحق مل سکے۔


خبر کا کوڈ: 421821

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/421821/دھاندلی-زدہ-حکومت-کی-حقیقت-سامنے-لائی-جائے-تصادم-نہیں-چاہتے-پرویز-خٹک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org