QR CodeQR Code

عمران خان کا دھاندلی کے خلاف 16 دسمبر کو پورا ملک بند کرنیکا اعلان

30 Nov 2014 21:55

اسلام ٹائمز: اسلام آباد میں تاریخی جلسے سے خطاب میں کپتان نے کہا کہ وہ چار دسمبر کو لاہور بند کریں گے جبکہ 8 دسمبر کو فیصل آباد اور 12 دسمبر کو کراچی بند کریں گے، اگر ہم نے آج ان کیخلاف سٹینڈ نہ لیا تو ہماری آنے والی نسلیں ان کے بچوں کی غلامی کرینگی۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن میں دھاندلی کے خلاف احتجاج کے دوران 16 دسمبر کو سارا ملک بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ اسلام آباد میں تاریخی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 109 دن ہو چکے ہیں اور پاکستان روز جاگ رہا ہے، نیا پاکستان ہم سب کو نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دن سے دھاندلی کا کہا جبکہ اسپتال کے بستر پر بھی کہا کہ چار حلقے کھولے جائیں، پارلیمنٹ سپریم کورٹ میں بھی چار حلقوں کا مطالبہ کیا اور سابق چیف جسٹس سے امید لگائی لیکن مجھے نہیں پتا تھا کہ سب میچ فکسنگ میں ملوث ہیں۔ عمران خان نے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ چار دسمبر کو لاہور بند کریں گے جبکہ آٹھ دسمبر کو فیصل آباد، 12 کو کراچی اور 16 دسمبر کو پورا پاکستان بند کریں گے۔ کپتان کا کہنا تھا کہ اگر 16 دسمبر تک حکومت نے چار حلقے نہ کھولے تو پھر پلان ڈی کا اعلان کروں گا جس کے بعد حکومت چلنا مشکل ہوجائیگی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ 16 دسمبر کے بعد جو کروں گا وہ نواز شریف برداشت نہیں کر سکیں گے۔ جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ مجھے کیا پتا تھا کہ سب میچ فکسنگ میں ملوث تھے۔ سب نے 2013ء کے انتخابات میں مل کر پاکستان کا سب سے بڑا فراڈ کیا۔ قانون کے تمام راستے بند کرکے ہمارے لئے کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔ اگر ہم نے آج ان کیخلاف سٹینڈ نہ لیا تو ہماری آنے والی نسلیں ان کے بچوں کی غلامی کرینگی۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے کہا جاتا ہے کہ میں حکمرانوں کیخلاف سخت زبان استعمال کرتا ہوں۔ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے قوم کا اربوں روپیہ چوری کیا تو میں انھیں چور اور ڈاکو نہ کہوں تو اور کیا کہوں؟۔ سابق صدر زرداری اور وزیراعظم نواز شریف کے پاس اقتدار سے پہلے کیا تھا؟، ان کے بزنس ایمپائرز کیسے بن گئے؟۔ عوام غریب سے غریب تر اور یہ امیر سے امیر تر ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خلاف میڈیا پر مہم چلائی جا رہی ہے جس میں قوم کا پیسہ خرچ کیا جا رہا ہے۔ اشتہارات پر عوام کا پیسہ بے دریغ خرچ کرنے پر ہم عدالت میں جائیں گے۔ پوچھیں گے کہ عوام کا پیسہ اپنی کرسی بچانے کیلئے کیوں خرچ کیا جا رہا ہے؟۔


خبر کا کوڈ: 422356

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/422356/عمران-خان-کا-دھاندلی-کے-خلاف-16-دسمبر-کو-پورا-ملک-بند-کرنیکا-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org