QR CodeQR Code

خالد سومرو کے قتل کیخلاف جے یو آئی کا 5 دسمبر کو ملک گیر احتجاج کا اعلان

1 Dec 2014 14:19

صحافی : سید ظفر حیدر

اسلام ٹائمز: سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ہمیں غیر مسلح کرکے قاتلوں کو مسلح کر دیا گیا، میں کس کے ہاتھ پر اپنا لہو تلاش کروں۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام نے مقتول رہنما خالد محمود سومرو کے قتل کے خلاف سندھ بھر سمیت ملک کے تمام صوبائی دارالحکومتوں میں 5 دسمبر کو احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا ہے۔ سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ڈاکٹر خالد محمود سومرو کی شہادت سب کیلئے ایک سانحہ ہے، ہم قاتلوں کے پیچھے نہیں بھاگ سکتے، حکومت اعتراف کرلے کہ وہ بے بس ہے تاکہ ہر شخص بندوق لے کر اپنی حفاظت خود کرے اور پھر گلا شکوہ نہیں ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئین و قانون کی پابندی بھی کریں اور اپنے کارکنوں پر جبر بھی کریں کہ بندوق نہیں اٹھانا، اور انہیں آئین و قانون کے دائرے میں زندگی گزارنے پر آمادہ کریں، اس کے بدلے ہمیں نہتا کرکے قاتلوں اور مجرموں کو کھلا چھوڑ دیا جائے، تو یہ کس قسم کی فضا بنائی جا رہی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آج عوام دھماکوں میں اڑ جاتے ہیں اور جو نامور شخصیات ہیں انہیں نشانہ بنا کر قتل کیا جا رہا ہے، جو جمہوریت کی بساط لپیٹنے کا عمل ہے، تاکہ سیاسی ماحول عسکریت پسند قوتوں کے ہاتھ میں آجائے اور سیاسی لوگ بے بس ہوجائیں، اس فضاء میں ملک میں جمہوری سیاست نہیں کی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر مسلح کرکے قاتلوں کو مسلح کر دیا گیا، میں کس کے ہاتھ پر اپنا لہو تلاش کروں، ملک ہمیں اسکا جواب دے، عوام کی جانب سے ہڑتال کی کال پر لبیک کرنے پر ان کے شکرگزار ہیں۔ جے یو آئی کے امیر نے امریکا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ امریکا نے 2001ء سے اسلامی دنیا کو نشانے پر رکھا ہوا ہے، وہ اپنےحق میں جغرافیائی تبدیلیاں کرنے کیلئے جنگ چاہتا ہے، جبکہ میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ جنگ امریکا کا ایجنڈا ہے اور وہ 21ویں صدی کو اپنی صدی کہتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 422459

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/422459/خالد-سومرو-کے-قتل-کیخلاف-جے-یو-ا-ئی-کا-5-دسمبر-کو-ملک-گیر-احتجاج-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org