QR CodeQR Code

کسی بھی ملک میں دہشتگردوں کیلئے پناہ گاہیں نہیں ہونی چاہیئں

جنرل راحیل شریف کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا، ڈین فیلڈ مین

4 Dec 2014 07:24

اسلام ٹائمز: اپنے ایک بیان میں پاکستان اور افغانستان کیلئے امریکہ کے خصوصی نمائندے کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف کی اعلٰی امریکی حکام سے ملاقاتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکہ پاکستان کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی نمائندے ڈین فیلڈ مین نے کہا ہے کہ جنرل راحیل کا دورہ امریکہ انتہائی کامیاب رہا۔ اُن کا کہنا تھا کسی بھی ملک میں دہشت گردوں کیلئے پناہ گاہیں نہیں ہونی چاہئیں۔ نیویارک میں امریکہ کے خصوصی نمائندے ڈین فیلڈمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے آرمی چیف کی ملاقاتوں میں افغانستان، دہشت گردی کے خلاف جنگ سمیت پاک امریکہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ جنرل راحیل شریف کی اعلٰی امریکی حکام سے ملاقاتیں اس بات کا ثبوت ہیں کہ امریکہ پاکستان کو بڑی اہمیت دیتا ہے۔ فیلڈ مین کا کہنا تھا کہ افغانستان اور پاکستان میں جمہوری حکومتوں کے قیام سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کسی بھی ملک میں دہشت گردوں کے لئے پناہ گاہیں نہیں ہونی چاہیئں۔

دیگر ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے لئے امریکی خصوصی نمائندے ڈین فیلڈمین نے کہا ہے کہ جنرل راحیل شریف کا دورہ امریکہ بہت کامیاب رہا، ان کے دورے سے پاک امریکہ تعلقات کی سنجیدگی ظاہر ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لندن میں ایک نجی ٹی وی چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈین فیلڈمین عالمی افغان کانفرنس میں شرکت کے لیے ان دنوں لندن میں ہیں۔ ڈین فیلڈمین نے کہا کہ جنرل راحیل شریف کی امریکی سول اور ملٹری حکام سے ملاقاتیں بہت تعمیری رہیں اور انہیں امریکہ میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ جنرل راحیل کی امریکی رہنمائوں سے مختلف مسائل پر تبادلہ خیال کیا، ان میں افغانستان، انسداد دہشت گردی، پاکستان اور امریکہ کے دوطرفہ تعلقات کے علاوہ پاکستان کے سکیورٹی اور عسکری مذاکرات شامل ہیں۔ 
ڈین فیلڈمین کا مزید کہنا تھا کہ گذشتہ چار برسوں میں کسی بھی پاکستانی آرمی چیف کا یہ پہلا دورہ امریکہ تھا۔ فیلڈمین کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ پاکستان کے ساتھ دو طرفہ معاملات میں انتہائی سنجیدہ ہے اور ہم اسے مزید مضبوط اور تعمیری بنانا چاہتے ہیں۔ افغانستان کے بارے میں ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری آئی ہے کیونکہ دونوں ملکوں کی قیادت نے اس بات کا احساس کرلیا ہے کہ دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور افغانستان جنوب اور وسطی ایشیا کے رابطے مضبوط بنائیں۔


خبر کا کوڈ: 423243

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/423243/جنرل-راحیل-شریف-کا-دورہ-امریکہ-انتہائی-کامیاب-رہا-ڈین-فیلڈ-مین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org