0
Sunday 31 Oct 2010 12:36

امریکا آج ہے کل چلا جائے گا،روس سے تعلقات بڑھانے کا عمل شروع کر دیا،وزیر خارجہ

امریکا آج ہے کل چلا جائے گا،روس سے تعلقات بڑھانے کا عمل شروع کر دیا،وزیر خارجہ
 ملتان:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکا آج ہے کل چلا جائیگا،روس اس خطے کی سب سے بڑی طاقت ہے،روس اور دیگر وسطی ایشیائی ریاستوں کیساتھ تعلقات بڑھانے کا عمل شروع کر دیا،برطانیہ نے بھی اسٹرٹیجک مذاکرات کا عندیہ دیا ہے،بھارت امریکا سول جوہری معاہدے پر تحفظات ہیں،سول جوہری ٹیکنالوجی پاکستان کی ضرورت ہے،اس سلسلے میں کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہئے،شمالی وزیرستان میں آپریشن کیلئے کوئی دباؤ قبول نہیں کرینگے،لیگیوں کے اتحاد سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا،کشکول توڑنے کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات اور ڈائریکٹ ٹیکسیشن کی طرف آنا ہو گا،پارلیمنٹ میں زرعی ٹیکس پر بھی بات ہونی چاہئے،دہشت گردی میں ملوث افراد ڈرون حملوں کا نشانہ بنے ہیں۔ 
ملتان ایئر پورٹ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا سے تعلقات کو فوج اور افغانستان تک محدود رکھنے کی بجائے یہ تعلقات عوام تک وسیع کریں گے،آج امریکا افغانستان میں ہے،کل یہاں سے چلا جائے گا،لیکن امریکا سے تعلقات برقرار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں نے امریکا سے سول جوہری معاہدے پر بھی بات کی ہے کہ بھارت کو جو نیو کلیئر پیکیج دیا گیا ہے وہ پاکستان کو بھی دیا جائے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سنجیدہ مسئلہ ہے جبکہ ماضی میں کچھ حکمران اس مسئلے پر ہچکچا رہے تھے،ہم نے اس مسئلے پر پاکستان کا مضبوط موقف پیش کیا۔
ایک سوال کے جواب میں وزیر خارجہ نے کہا کہ اگر افغانستان میں برسر پیکار گروپ آپس میں مل بیٹھنا چاہتے ہیں اور اس پر پیشرفت ہوتی ہے تو یہ پاکستان کی واضح پالیسی ہے کہ افغانستان میں امن ہو اور وہاں خوشحالی آئے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اپنی محصولات کی وصولیوں کو بڑھانا ہو گا اور سسٹم کی خامیاں درست کرنا ہوں گی اور جو طبقہ ٹیکس نہیں دیتا،اسے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صدر،وزیر اعظم،آرمی چیف اور وزیر خارجہ ملاقاتیں معمول کا حصہ ہیں،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگیوں کے اکٹھے ہونے سے ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا۔
خبر کا کوڈ : 42327
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش