0
Sunday 31 Oct 2010 13:10

لبنان کے دورے نے امریکا اور اسرائیل کو وحشت زدہ کر دیا، ایران پر پابندیاں مضحکہ خیز ہیں، احمدی نژاد

لبنان کے دورے نے امریکا اور اسرائیل کو وحشت زدہ کر دیا، ایران پر پابندیاں مضحکہ خیز ہیں، احمدی نژاد
اسلام ٹائمز- ارنا نیوز ایجنسی کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر محمود احمدی نژاد نے کہا ہے کہ جن ممالک نے ایران پر پابندیاں لگانے کا اعلان کیا ہے وہ بہت بڑی غلطی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بات گذشتہ رات ٹی وی انٹرویو میں کہی۔
صدر محمود احمدی نژاد نے کہا کہ ایران پر پابندیاں لگانے والے سمجھتے ہیں کہ ایران ایک ویرانہ ہے، وہ ایران سے متعلق حقائق کو دیکھنا نہیں چاہتے، ایران پر پابندیوں کا فیصلہ انکے تمام سیاسی فیصلوں میں سب سے زیادہ مضحکہ خیز ہے، وہ ایران کو نہیں پہچانتے، ایران اس سے کہیں زیادہ عظیم ہے جس کا وہ خیال کرتے ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایرانی قوم عظیم تہذیب و تمدن اور دنیا میں انرجی کے دوسرے بڑے ذخیرے کی مالک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مغربی طاقتوں کو بتا چکے ہیں کہ مذاکرات صرف اسی صورت میں ممکن ہیں جب ان کیلئے ایک طے شدہ ایجنڈہ سامنے آ جائے، ہم صرف عدالت اور احترام کی فضا میں گفتگو کریں گے۔ صدر احمدی نژاد نے کہا کہ ملت ایران ہمیشہ سے گفتگو کی حامی رہی ہے لیکن ہمارے نزدیک عالمی قوانین کا احترام کرنے والے اور انکو پامال کرنے والے یکساں نہیں۔
ایران کے صدر محمود احمدی نژاد نے چند ہفتے قبل اپنے لبنان کے دورے کو خطے کی اقوام کے درمیان مستحکم تعلقات اور اتحاد و اتفاق کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے نے عالمی استکباری طاقتوں مخصوصا امریکا اور اسرائیل کو وحشت زدہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسلامی انقلاب کی سوچ دنیا میں رائج ہو جائے تو پھر اسرائیل کی غاصب صہیونیستی رژیم کے ظلم و ستم اور تسلط کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہ جاتی۔
صدر احمدی نژاد نے کہا کہ میرے لبنان کے دورے سے ایک ایسے مشرق وسطی کی بنیاد پڑی ہے جو خطے کی قوموں کی مرضی کے عین مطابق اور امریکی منصوبوں کے مخالف ہے، نیا مشرق وسطی خطے کی قومیں تعمیر کریں گی جو جاہ طلب اور فاسد عالمی قوتوں کا مدمقابل ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ لبنانی عوام کی جانب سے پرجوش استقبال دراصل خطے کی تمام قوموں کے جذبات کا عکاس تھا جس نے دنیا کے سیاسی فارمولوں کو ہلا کر رکھ دیا، اس استقبال نے عالمی استکباری طاقتوں پر واضح کر دیا کہ خطے میں ان کیلئے کوئی جگہ نہیں۔
خبر کا کوڈ : 42337
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش