0
Thursday 4 Dec 2014 22:05

محمد، برطانیہ میں بچوں کا مقبول ترین نام

محمد، برطانیہ میں بچوں کا مقبول ترین نام
اسلام ٹائمز۔ برطانیہ میں نوزائیدہ بچوں کے 100 مقبول ترین ناموں کے چارٹ میں محمد مقبولیت کےاعتبار سے والدین کا پسندیدہ ترین نام بن گیا ہے۔ بی بی سینٹر ویب سائٹ کے مطابق گزشتہ برس کے مقابلے میں اس فہرست میں محمد 27 درجے اوپر آ گیا ہے اور برطانیہ میں پیدا ہونے والے بچوں کا مقبول ترین نام بن گیا ہے۔ نوزائیدہ بچیوں کے سال رواں کے مقبول ترین 100 ناموں کی فہرست میں سب سے زیادہ پسندیدہ نام صوفیہ رہا ہے۔ ویب سائٹ کے 56,157 ارکان کی طرف سے مرتب کی جانے والی فہرست میں رواں برس پیدا ہونے والے بچوں کے مقبول ناموں کی درجہ بندی کی گئی ہے۔ بی بی سینٹر کی جائزہ رپورٹ میں محمد کو مختلف ہجے کی حالتوں کے ساتھ ایک ہی نام تصور کیا گیا ہے اور اعدادوشمار کے مطابق مجموعی طور پر 7,445 بچوں کو رواں برس محمد کا نام دیا گیا، ان اعداوشمار کی بنیاد پر ہی محمد کو سال 2014 کا مقبول ترین نام قرار دیا گیا ہے۔ مطالعاتی جائزے کے نتیجے سے نوزائیدہ بچوں کے عربی ناموں کی مقبولیت کا پتا چلتا ہے اس برس عمر، علی، ابراہیم اور کیان کو بچوں کے 100 مقبول ترین ناموں میں جگہ ملی ہے۔

برطانیہ میں پیدا ہونے والی بچیوں کے مقبول ترین نام مریم کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ نور مقبول نام کے اعتبار سے اس فہرست میں ایک نیا اضافہ ہے جس کے بعد ایملی اور گریسی مقبول نام رہے ہیں۔ فہرست میں نور 29 نمبر پر ہے اور مریم 59 درجے اوپر آکر بچیوں کا 35 واں مقبول ترین نام بن گیا ہے۔ محمد نام کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ مقبول ترین نام خیال کیا جاتا ہے اور ایک محتاط اندازے سے ظاہر ہوتا ہے کہ دنیا میں لگ بھگ 150 ملین مرد اور لڑکوں کانام محمد ہے۔ بی بی سینٹر کی مینیجنگ ایڈیٹر سارہ ریڈشا نے کہا ہے کہ عربی اور بھارتی ناموں کی بڑھتی ہوئی مقبولیت سے برطانیہ کے ہمہ گیر معاشرے کی عکاسی ہوتی ہے۔ سروے کرنے والے ادارے نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ چونکہ عربی ایک صوتی زبان ہے اس لیے لوگ جب اس کی ہجے کرتے ہیں تو خطوط براہ راست آوازوں کی نمائندگی نہیں کر سکتے، اس لیے چاہے لوگ اس نام کو مختلف طریقے سے بھی لکھیں تو یہ ایک ہی نام تصور کیا جاتا ہے لیکن اولیور اور اولی کے ساتھ ایسا نہیں ہے کیونکہ لوگوں نے ان ناموں کو مختصر کیا ہے، انھوں نے مزید کہا کہ بعض اوقات محمد نام کے لیے ہجے کی ترجیحات علاقائی ہوسکتی ہیں کیونکہ کبھی کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ بچے کا خاندان عراق یا مصر سے تعلق رکھتا ہے اور وہ اس نام کو مختلف تلفظ کے ساتھ استعمال کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 423377
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش