0
Thursday 4 Dec 2014 23:26

افغان مجاہدین، طالبان، القاعدہ کے بعد داعش امت مسلمہ کے لئے چیلنج ہے، علی اکبر گجر

افغان مجاہدین، طالبان، القاعدہ کے بعد داعش امت مسلمہ کے لئے چیلنج ہے، علی اکبر گجر
اسلام ٹائمز۔ افغان مجاہدین، طالبان، القاعدہ کے بعد داعش امت مسلمہ کے لئے چیلنجز کا ایسا سلسلہ ہے جس کے مستقل حل کے لئے پاکستان کو کلیدی کردار ادا کرنا ہے، عالمی امن کے ساتھ جڑے ہوئے مسائل کے خاتمے کے لئے جمہوری استحکام اور بھرپور عوامی تائید کے ساتھ پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی واحد سیاسی قوت ہے جو موجودہ حالات میں پاکستان کے قومی مفادات کا تحفظ کر سکتی ہے، نئے چیف الیکشن کمشنر کا انتخاب جمہوری قوتوں کی بڑی سیاسی فتح ثابت ہوگی اور جمہوری اداروں کی تقویت کا سبب بنے گا، آئندہ انتخابات میں ہر سیاسی جماعت کے لئے میدان کھلا ہوگا، متفقہ اور آزاد الیکشن کمیشن 2018ء کے انتخابات کے لئے ہموار سیاسی میدان کی ضمانت ثابت ہوگا۔ مسلم لیگ (ن) کے سینئر صوبائی رہنما علی اکبر گجر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دھرنے اور انقلاب کے سوداگروں کو اس بات کا ادراک ہونا چاہئیے کہ ملک مزید دھرنوں، احتجاجوں اور جلسوں کا متحمل نہیں ہو سکتا، ملک گیر سیاسی سرگرمیوں کا وقت آنے میں ابھی تین سال سے زائد کا عرصہ باقی ہے، اقتدار کی دوڑ میں شریک جماعتوں کو اس وقت اپنی جماعتوں کی سیاسی نوک پلک سنوارنی چاہئیے اور وہ اپنی جماعتوں میں جمہوریت کو مضبوط بنا کر خود کو اس بات کا اہل ثابت کریں کہ وہ ملک گیر سطح پر جمہوری نظام چلانے کی اہلیت رکھتی ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال کا تقاضہ ہے کہ پاکستان یکسوئی کے ساتھ دنیا کے امن اور امت اسلامیہ کے مفادات کے تحفظ کے لئے اپنا کردار ادا کرے، پاکستان عوامی تحریک کی قیادت کا ملک میں رائج سیاسی نظام کے ذریعے انقلاب لانے پر آمادہ ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ پاکستان میں کوئی تبدیلی بھی آئین اور مروج نظام سے ہٹ کر نہیں آ سکتی، کنٹینر برانڈ سیاست دان بھی عوامی پذیرائی نہ ہونے کی وجہ سے مذاکرات کی طرف آ رہے ہیں جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے اس مؤقف کی تائید ہے کہ نیت میں اخلاص ہو تو سیاست میں ہر مسلئے کا حل مذاکرات کی میز پر موجود ہوتا ہے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت سنجیدگی کے ساتھ ملک کو ماضی کی غلط پالیسیوں کے اثرات سے نکالنے کی تگ و دو میں مصروف ہے اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایشیا کی بڑی معاشی قوت بن کر ابھرے گا لیکن پاکستان کی معاشی، اقتصادی اور صنعتی ترقی کے لئے ضروری ہے کہ جمہوری نظام کی راہ میں رکاوٹیں نہ کھڑی کی جائیں۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر رہنما علی اکبر گجر نے کہا کہ کچھ سیاسی قوتیں مصنوعی بحران پیدا کر کے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی وفاقی حکومت کو دباؤ میں رکھنا چاہتی ہیں تاکہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اپنے تاریخی انتخابی منشور پر عمل نہ کر سکیں۔
خبر کا کوڈ : 423402
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش