QR CodeQR Code

مغرب کی عائد پابندیوں سے خوفزدہ نہیں

ہم کسی بھی مشکل سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے کیلئے تیار ہیں، ولادیمیر پیوٹن

5 Dec 2014 21:30

اسلام ٹائمز: پارلیمان سے سالانہ صدارتی خطاب میں روسی صدر کا کہنا تھا کہ غیر ملکی دشمن روس میں یوگو سلاویہ جیسے حالات پیدا کرنے کے حامی ہیں، لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور علیحدگی پسندوں کو ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے نہیں دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے روسی عوام کو مشکل حالات کے بارے میں متنبہ کرتے ہوئے زور دیا ہے وہ خود انحصاری اختیار کریں، ہم مغرب کی عائد کی جانے والی پابندیوں سے خوفزدہ نہیں، پابندیاں تمام ممالک کیلئے نقصان دہ ہیں۔ یوکرین کے معاملے پر روسی پالیسی درست تھی۔ روسی پارلیمان سے سالانہ صدارتی خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ ملکی معیشت آئندہ برس سے کساد بازاری کا شکار ہو جائے گی۔ امریکہ ہمیشہ براہ راست یا بالواسطہ، ہمسایہ ممالک کے ساتھ روس کے تعلقات کو متاثر کرتا آیا ہے، مگر روس یورپ اور امریکہ کے ساتھ تعاون ختم نہیں کرے گا اور خود کو عالمی سطح پر تنہا نہیں ہونے دے گا۔
 
روسی صدر نے مغربی ممالک پر الزام عائد کیا کہ وہ روس کے گرد ایک نئی آہنی دیوار کھڑی کرنا چاہتے ہیں۔ دنیا میں تیل کی گرتی ہوئی قیمتوں اور مشرقی یوکرین میں روسی کردار کی وجہ سے مغربی ممالک کی پابندیوں کی وجہ سے روس کو معاشی طور پر بہت نقصان پہنچا ہے۔ ولادی میر پیوٹن نے الزام لگایا کہ غیر ملکی دشمن روس میں یوگو سلاویہ جیسے حالات پیدا کرنے کے حامی ہیں لیکن ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے اور علیحدگی پسندوں کو ملک کو ٹکڑے ٹکڑے کرنے نہیں دیا جائے گا۔ انھوں نے جزیرہ نما کرائمیا کو روس کا حصہ بنانے پر کسی ندامت کا اظہار نہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ عیسائیت کے ابتدائی دور سے روس کے لیے "مقدس معانی" رکھتا ہے۔ معیشت کے بارے میں بات کرتے ہوئے روسی صدر نے ملک سے باہر لے جائے گئے سرمائے کی وطن واپسی پر عام معافی دینے کی تجویز دی۔ اندازاً اس برس روس سے ایک سو ارب ڈالر سے زیادہ رقم باہر لے جائی گئی ہے۔ 

انھوں نے وعدہ کیا کہ اگر یہ سرمایہ ملک میں واپس لایا جاتا ہے تو ٹیکس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کے بارے میں بازپرس نہیں کریں گے۔ پیوٹن نے روس میں کاروبار کرنے والوں کی مدد کے لئے ٹیکسوں کو چار سال کے لئے منجمد کرنے کی بھی تجویز دی۔ امریکی ڈالر کے مقابلے میں روسی کرنسی روبل کی قدر میں نو فیصد کی کمی آچکی ہے، روسی صدر نے اس بارے میں روسی مرکزی بینک اور حکومت پر زور دیا کہ وہ روسی کرنسی کی قدر میں تبدیلی سے فائدہ اٹھانے کے خواہش مندوں کو ناکام بنانے کے لئے سخت اور مربوط اقدامات کریں۔ انھوں نے روسی عوام کے بارے میں کہا کہ ہماری عوام نے حب الوطنی اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہمیں جن مشکلات کا سامنا ہے وہ ہمارے لئے نئے مواقع پیدا کر رہی ہیں۔ ہم کسی بھی مشکل سے نمٹنے اور اس پر قابو پانے کے لیے تیار ہیں۔


خبر کا کوڈ: 423606

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/423606/ہم-کسی-بھی-مشکل-سے-نمٹنے-اور-اس-پر-قابو-پانے-کیلئے-تیار-ہیں-ولادیمیر-پیوٹن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org