QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ صوبے سے قتل و غارت گری کے خاتمے میں ناکام ہوچکے ہیں، خالد مقبول صدیقی

7 Dec 2014 14:34

اسلام ٹائمز: حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما نے کہا کہ رابطہ کمیٹی کے معاون غازی صلاح الدین کے بھائی کی ٹارگٹ کلنگ بڑاسانحہ ہے مگر حکومتی حکام نے تعزیت کی غرض سے ان کے پاس آنا تو درکنار ان سے اظہار تعزیت بھی نہیں کی۔


اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے معاون غازی صلاح الدین کے بھائی ضیاء الدین جنہیں نامعلوم دہشت گردوں نے ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا تھا، فاتحہ سوئم کا اہتمام ان کی رہائش گاہ گلشن زیل پاک کالونی میں کیا گیا۔ فاتحہ سوئم میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی و ارکان عبدالحسیب، افتخار رندھاوا، احمد سلیم صدیقی، عارف خان ایڈوکیٹ، بابر غوری، کنور نوید جمیل، ارکان سندھ تنظیمی کمیٹی، ایم کیو ایم حیدرآباد کے زونل انچارج نوید شمسی و ارکان زونل کمیٹی، حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سید وسیم حسین، صابر حسین قائمخانی، راشد خلجی، سیکٹرز و یونٹس کے ذمہ داران و کارکنان اور معززین شہر سمیت صحافیوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

فاتحہ سوئم کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر و ایم این اے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں وزیراعلیٰ جو وزیرِ داخلہ کا قلم دان بھی رکھتے ہیں وہ سندھ سے قتل و غارت گری کے خاتمے میں ناکام ہوچکے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ غازی صلاح الدین کے ساتھ اتنا بڑاسانحہ ہوگیا مگر حکومتی حکام نے تعزیت کی غرض سے ان کے پاس آنا تو درکنار ان سے اظہار تعزیت بھی نہیں کی۔ انہوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ میں جاری لاقانونیت کا فور ی نوٹس لیں اور ضیاء الدین شہید کے قاتلوں کو فوری گرفتار کرائیں۔


خبر کا کوڈ: 423964

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/423964/وزیراعلی-سندھ-صوبے-سے-قتل-غارت-گری-کے-خاتمے-میں-ناکام-ہوچکے-ہیں-خالد-مقبول-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org