QR CodeQR Code

گلگت بلتستان میں نگران حکومت کو ہائی جیک کرنیکا پلان بنایا گیا ہے، الیاس صدیقی

7 Dec 2014 19:43

اسلام ٹائمز: ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاق کی طرح گلگت بلتستان میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز باریاں لینے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وفاق کی طرح گلگت بلتستان میں بھی پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز باریاں لینے کے منصوبے پر عمل پیرا ہیں۔ مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی سے وفاداریاں نبھانے والے درباریوں پر مشتمل نگران حکومت کی تشکیل کر کے الیکشن کو ہائی جیک کرنے کا پلان بنایا گیا ہے۔ پارٹی وفاداروں کو اہم ذمہ داریاں سونپ کر من پسند نتائج حاصل کرنے کی مسلم لیگ نواز اور پیپلز پارٹی کی خواہشات کو چکنا چور کر دیا جائیگا۔ انہوں کہا کہ پارٹی وفادار افراد پر مشتمل نگران حکومت گلگت بلتستان کے عوام کسی صورت قبول نہیں کرینگے۔ مہدی شاہ حکومت وفاقی وزراء کرپشن کے ثبوت دکھا کر احتساب کے خوف میں مبتلا کر کے بلیک میل کر رہے ہیں اور صوبائی حکومت سے اپنی مرضی کے فیصلے کروائے جا رہے ہیں اور تمام معاملات میں صوبائی حکومت کو بائی پاس کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی میں بھی علاقے کی سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لئے بغیر کی گئی ہے اور اس اہم ذمہ داری کو مسلم لیگ نواز سے وفاداری نبھانے والے لیگی متوالے کے سپرد کی گئی ہے۔ اسی طرح نگران حکومت کے سلسلے میں بھی یہی کچھ ہونے جا رہا ہے جو کہ غیر آئینی اور غیر اخلاقی ہے اور علاقے کے عوام کے ساتھ سراسر ناانصافی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین ان زیادتیوں کے خلاف گلگت بلتستان کے تمام سیاسی و مذہبی اور قوم پرست پارٹیوں سے مشاورت کے بعد آئندہ کی حکمت عملی طے کرے گی اور اس سلسلے میں بہت جلد آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائیگی۔


خبر کا کوڈ: 424026

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/424026/گلگت-بلتستان-میں-نگران-حکومت-کو-ہائی-جیک-کرنیکا-پلان-بنایا-گیا-ہے-الیاس-صدیقی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org