0
Monday 8 Dec 2014 13:46

اسرائیلی طیاروں کے دمشق کے قریب فضائی حملے

اسرائیلی طیاروں کے دمشق کے قریب فضائی حملے
اسلام ٹائمز۔ شامی فوج کی جانب سے سرکاری ٹی وی پر جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی طیاروں نے دمشق انٹرنیشنل ایئر پورٹ اور دیماس کے قصبے کے قریب کے علاقے پر بمباری کی ہے، ان حملوں میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ شامی فوج نے اپنے بیان میں کہا کہ آج دوپہر دشمن اسرائیل نے صوبہ دمشق کے دو محفوظ علاقوں، دیماس اور دمشق انٹنرنیشنل ایئرپورٹ پر بمباری کی۔ بیان میں ان حملوں کو براہِ راست جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ یہ حملے شامی حکومت کے مخالفین کی مدد کرنے کے لیے کیے گئے۔ بیان کے مطابق ان حملوں سے بعض عمارتوں کو نقصان پہنچا تاہم یہ نہیں بتایا کہ ان میں کس چیز کو نشانہ بنایا گیا۔ شام میں جاری کشیدگی پر نظر رکھنی والی برطانیہ میں واقع انسانی حقوق کی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے کہا کہ لبنان اور شام کی سرحد پر دیماس کے قریب 10 دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ تنظیم کے مطابق دمشق کے مشرقی مضافاتی علاقے خان الشیش میں آٹھ دفعہ فضائی بمباری کی گئی اور دمشق ایئرپورٹ کے قریب ایک گودام حملے کی زد میں آیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل سنہ 2011 سے شام پر کئی بار فضائی حملے کر چکا ہے۔ ماضی میں کیے جانے والے زیادہ تر اسرائیلی فضائی حملوں میں عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کے لیے لبنان سے ہتھیار لے جانے والے قافلوں کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کے علاوہ اسرائیل مقبوضہ گولان کی پہاڑیوں پر حملوں کے ردعمل میں شامی فوجی تنصیبات کو بھی نشانہ بناتا رہا ہے۔ یاد رہے کہ اسرائیل نے سنہ 1967 کی عرب اسرائیل جنگ کے اختتامی مراحل میں گولان کی پہاڑیوں پر قبضہ کر لیا تھا اور 1973 میں شام کی جانب سے اپنے علاقے پر قبضہ چھوڑ وانے کی کوشش کو ناکام بنا دیا تھا، دونوں ممالک اس وقت سے تکنیکی طور پر حالت جنگ میں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 424156
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش