QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کیخلاف نفسیاتی جنگ کی ماسٹر مائنڈ مریم نواز ہیں، رپورٹ

8 Dec 2014 18:16

اسلام ٹائمز: تحریک انصاف سے لڑی جانے والی لفظی جنگ کا اسکرپٹ یعنی پی ٹی آئی کے خلاف وزیراطلاعات کے دھواں دھار بیانات، ٹیکس بے قاعدگیوں کے طعنے اور بیرونی طاقتوں سے روابط کے الزامات میں بظاہر سامنے تو پرویز رشید ہوتے ہیں، لیکن پسِ پردہ مریم نواز شریف ہوتی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لیے وزارت خارجہ کی طرح حکومت اب ہر شعبے میں نئے چہروں اور دماغوں کو سامنے لا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق یوتھ لون پروگرام کی سربراہی سے ہٹائے جانے کے بعد وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے غیرسرکاری طور حکومت کے تعلقات عامہ کا شعبہ سنبھال لیا ہے۔ اگرچہ یہ عہدہ مکمل طور پرغیر سرکاری ہے، تاہم اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ پریس انفارمیشن ڈپارٹمنٹ میں وزیرِ اطلاعات پرویز رشید کی تمام میٹنگز کے پس پردہ دراصل مریم نواز کا ہی ہاتھ ہوتا ہے اور وہ جو لکھتی ہیں یا کہتی ہیں وزیراطلاعات پریس کانفرنسوں میں وہی کچھ دہرا دیتے ہیں۔ گزشتہ دنوں حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک دوسرے کے خلاف سخت ترین الفاظ استعمال کرنے کی جنگ میں مصروف رہے۔ ذرائع کہتے ہیں کہ تحریک انصاف سے لڑی جانے والی لفظی جنگ کا اسکرپٹ بھی وزیراعظم کی صاحبزادی خود لکھتی ہیں، یعنی پی ٹی آئی کے خلاف وزیراطلاعات کے دھواں دھار بیانات، ٹیکس بے قاعدگیوں کے طعنے اور بیرونی طاقتوں سے روابط کے الزامات میں بظاہر سامنے تو پرویز رشید ہوتے ہیں، لیکن پسِ پردہ مریم نواز شریف ہوتی ہیں۔

یوتھ لون اسکیم کی سربراہی سے محروم ہونے والی مریم نواز کو انفارمیشن سیکریٹری محمد اعظم نے ان کی سوشل میڈیا میں دلچسپی کو دیکھتے ہوئے حکومت کی آن لائن حکمت عملیوں پر بریفنگ دینے کا آغاز کیا۔ تیس نومبر کے جلسے کے تناظر میں تحریک انصاف کے خلاف چلائی جانے والی مہم اس حوالے سے ایک حالیہ مثال ہے۔ وزیراعظم کے نئے ترجمان مصدق ملک کے انتخاب نے بھی مریم نواز کو اپنے والد کے ناقدین کے خلاف مہم کو جیتنے کے سلسلے میں ایک اہم موقع فراہم کیا ہے۔ مصدق ملک کے ساتھ وزیراعظم کے پریس سیکریٹری محی الدین وانی بھی اس حوالے سے بہت سرگرم ہیں، جو صحافیوں کو ہر گھنٹے کی اپ ڈیٹس ٹیکسٹ میسجز کے ذریعے بھیجتے ہیں۔

اسی طرح ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ کی رہنما ماروی میمن اور طلال چوہدری اور محسن رانجھا بھی ٹی وی شوز میں جانے سے قبل مریم نواز سے بریفنگ لیتے ہیں ۔ وزارتِ اطلاعات کے ایک جونیئر افسر کے مطابق اگرچہ حکومت نے مریم نواز شریف کے عہدے کا باقاعدہ اعلان نہیں کیا تاہم وہ یقینی طور پر اعلیٰ عہدے پر ہیں۔ دوسری جانب ایک سینیئر پارٹی رہنما کا کہنا ہے کہ 'کچھ بھی ہو، یہ تو بجا ہے کہ مریم نواز کی حکمت عملیاں رنگ لائی ہیں، ہوسکتا ہے لوگوں کی رائے مختلف ہو،لیکن میرا خیال ہے کہ انھوں نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمیں عمران خان کی جانب سے ان کے والد وزیراعظم نواز شریف پر لگائے جانے والے ا لزامات کا بھرپور جواب دیا ہے'۔


خبر کا کوڈ: 424199

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/424199/پی-ٹی-آئی-کیخلاف-نفسیاتی-جنگ-کی-ماسٹر-مائنڈ-مریم-نواز-ہیں-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org