QR CodeQR Code

کراچی میں اہم شخصیات کی حفاظت پر 8 ہزار جبکہ عوام کیلئے ساڑھے 8 ہزار پولیس اہلکار تعینات

10 Dec 2014 13:55

اسلام ٹائمز: سیکیورٹی یونٹ ون اور ٹو میں مجموعی طور پر 5 ہزار 842، وزیر اعلیٰ ہاؤس پر 187، گورنر ہاؤس پر 119، کورٹ پولیس میں 471، فارن سیکیورٹی سیل میں 758، محافظ یونٹ اور مددگار ون فائیو میں 551، انسداد تجاوزات سیل میں 129 جبکہ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی سیل میں 13 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں کہنے کو تو پولیس 26 ہزار اہلکاروں اور افسران پر مشتمل ہے، لیکن صورت حال یہ ہے کہ ان میں 8 ہزار تو اہم شخصیات کی سیکیورٹی پر مامور ہیں جبکہ 2 کروڑ عوام کے لئے 17 ہزار اہلکار ہیں، جو 12، 12 گھنٹوں کی دو شفٹوں میں فرائض انجام دے رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس کی 31 ہزار کی منظور شدہ نفری میں سے محض ساڑھے 26 ہزار فرائض انجام دے رہی ہے، مذکورہ نفری میں سے 6 ہزار اہلکار اہم شخصیات (وی آئی پیز) کی حفاظت پر مامور ہیں، 8 ہزار 70 افسران اور اہلکار سیکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہیں، ملک کے معاشی مرکز کراچی میں 2 کروڑ سے زائد آبادی کے کئے محض ساڑھے 17 ہزار اہلکار 2 شفٹوں میں فرائض سر انجام دیتے ہیں، سیکیورٹی یونٹ ون اور ٹو میں مجموعی طور پر 5 ہزار 842، وزیر اعلیٰ ہاؤس پر 187، گورنر ہاؤس پر 119، کورٹ پولیس میں 471، فارن سیکیورٹی سیل میں 758، محافظ یونٹ اور مددگار ون فائیو میں 551، انسداد تجاوزات سیل میں 129 جبکہ پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنی سیل میں 13 افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی یونٹ ون اور ٹو عموماً وی آئی پیز کی حفاظتی ڈیوٹی پر مامور رہتا ہے، اور سب سے زیادہ ساڑھے 5 ہزار سے زائد افسران و اہلکار یہاں تعینات ہیں۔ مجموعی طور پر 26 ہزار اہلکاروں کی نفری میں سے سے ساڑھے 8 ہزار سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والوں کے بعد محض 17 ہزار اہلکاروں کی ہی نفری شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے بچتی ہے، اور وہ بھی 2 شفٹوں میں فرائض انجام دیتے ہیں۔ واضح رہے کہ کراچی پولیس کی 31 ہزار نفری میں ساڑھے 4 ہزار اسامیاں خالی ہیں، ان خالی اسامیوں پر کافی عرصے سے تعیناتی نہیں ہو سکی ہے، سب سے زیادہ کانسٹیبلوں کی 3 ہزار 358 اسامیاں خالی ہیں، ہیڈ کانسٹیبل کی 961، اسسٹنٹ سب انسپکٹر کی 277، سب انسپکٹر کی 306، انسپکٹر کی 270 اسامیاں خالی ہیں، 4 ڈی ایس پی اور ایک ایس پی کا عہدہ بھی تقرری کا منتظر ہے۔


خبر کا کوڈ: 424690

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/424690/کراچی-میں-اہم-شخصیات-کی-حفاظت-پر-8-ہزار-جبکہ-عوام-کیلئے-ساڑھے-پولیس-اہلکار-تعینات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org