QR CodeQR Code

پی ٹی آئی کی ہڑتال، لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا

11 Dec 2014 20:28

اسلام ٹائمز: ذرائع کے مطابق 15 دسمبر کو 19 ہزار 680 پولیس اہلکار پورے لاہور شہر میں تعینات کئے جائیں گے۔ امن و امان کی بہتر صورت حال کے لئے پولیس نے شہر کو 166 حصوں میں تقسیم کیا ہے جن کی نگرانی 12 ایس پیز کریں گے۔ پلان میں تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور سرکل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گشت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ لاہور میں 15 دسمبر کو تحریک انصاف کی جانب سے ہڑتال کی کال کی مناسبت سے لاہور پولیس نے سکیورٹی پلان مرتب کر لیا ہے۔ پلان کے مطابق لاہور شہر میں 52 اہم مقامات ہیں جبکہ 63 بڑی مارکیٹس ہیں۔ شہر میں 4 اہم تنصیبات ہیں جن کی حفاظت کے لئے خصوصی نفری تعینات کی جائے گی۔ لاہور کے 13 داخلی وخارجی راستے ہیں جن پر پولیس کا خصوصی فوکس ہو گا۔ ذرائع کے مطابق 15 دسمبر کو 19 ہزار 680 پولیس اہلکار پورے لاہور شہر میں تعینات کئے جائیں گے۔ امن و امان کی بہتر صورت حال کے لئے پولیس نے شہر کو 166 حصوں میں تقسیم کیا ہے جن کی نگرانی 12 ایس پیز کریں گے۔ پلان میں تمام تھانوں کے ایس ایچ اوز اور سرکل ڈی ایس پیز کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں گشت کریں اور کسی بھی ناگہانی صورت حال کو کنٹرول کریں اور فوری طور پر اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کریں۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا نے حکومت کو تجویز دی ہے کہ نون لیگ کے کارکنوں کو باہر آنے سے روکا جائے، صرف پولیس اہلکار ہی تعینات رہیں گے اور مظاہرین کو وہی کنٹرول کریں گے۔ نون لیگ کے کارکنوں کے سڑکوں پر نکلنے سے تصادم کا خدشہ ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے پولیس کو یقین دہانی کرائی ہے کہ نون لیگ کے کارکن سڑکوں پر نہیں آئیں گے۔ ادھر حمزہ شہباز، بلال یاسین اور تمام لیگی ارکان قومی وصوبائی اسمبلی بھی تحریک انصاف کی ہڑتال ناکام بنانے کے لئے تاجروں کے ساتھ روابط میں مشغول ہیں اور انہیں دکانیں کھلی رکھنے کی تلقین کر رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 425025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/425025/پی-ٹی-ا-ئی-کی-ہڑتال-لاہور-پولیس-نے-سکیورٹی-پلان-مرتب-کر-لیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org