QR CodeQR Code

وزیراعظم نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا

12 Dec 2014 14:20

اسلام ٹائمز: گورنر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، سستی بجلی سے مہنگائی کم ہوگی جس کے بعد ملک میں برآمدات بڑھیں گی۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد اب بجلی کی قیمت میں ۲ روپے ۳۲ پیسے فی یونٹ کمی کا بھی اعلان کر دیا۔ گورنر ہاؤس پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت عوام کو ریلیف دینا چاہتی ہے، سستی بجلی سے مہنگائی کم ہوگی جس کے بعد ملک میں برآمدات بڑھیں گی، اگر ملک میں دھرنے نہ ہوتے تو بجلی کے پیداواری یونٹس قائم کرچکے ہوتے تاہم دھرنوں کے سائے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرتی رہے گی اور ایک مرتبہ پھر حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا ارادہ رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کے محکمے میں چوری کرنے اور کرانے والے موجود ہیں جب کہ بجلی کی ٹرانس مشن اورڈسٹری بیوشن سسٹم میں بہتری لانےکی اشد ضرورت ہے تاہم قیمتوں میں کمی کےمعاملےکی نگرانی کےلیےکابینہ کی کمیٹی بنادی ہے اور خود اس کمیٹی کا سربراہ ہونے کے ناطے اس کی نگرانی کروں گا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مجھ سے کراچی کے احتجاج کا نہ پوچھیں بلکہ ملکی ترقی کے لئے جاری منصوبوں کا پوچھیں، موجودہ حکومت ڈالر کی قیمت ۹۸ روپے تک لے آئی تھی لیکن دھرنوں کے باعث ایک مرتبہ پھر ڈالر ۱۰۳ روپے تک پہنچ چکا ہے جب کہ دھرنوں کی سیاست کی وجہ سے چین کی جانب سے کی جانے والی سرمایہ کاری اثرانداز ہوئی اور سرمایہ کار پیسہ لگانے کو تیار نہیں، نیا پاکستان خیبرپختونخوا میں بنتا نظر آنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سڑکیں بنیں گی اور نئی فیکٹریاں لگیں گی تو ملک سے بیروزگاری کا خاتمہ ہوگا اور حکومت بجلی اور گیس کی کمی کا خاتمہ کر کے دکھائے گی، ترقی کے پہلے مرحلے میں ایران سے لی گئی گیس بلوچستان اور بالائی علاقوں میں خوشحالی لائے گی جس کے بعد ایل این جی اور گیس کے ذریعے بجلی گھر لگارہے ہیں اور اسی طرح کراچی لاہور موٹر وے کا بہت جلد آغاز کر دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 425164

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/425164/وزیراعظم-نے-بجلی-کی-قیمتوں-میں-کمی-کا-اعلان-کر-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org