0
Saturday 13 Dec 2014 23:26
جامعہ کراچی کی انتظامیہ مکتب تشیع کی مسجد کی تعمیر جلد از جلد شروع کرے

لبیک یاحسینؑ کے نعرے کیساتھ دنیا بھر میں یزیدیت کے مقابلے میں ڈٹے رہینگے، تہور حیدری

ملت جعفریہ دہشتگردوں کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے
لبیک یاحسینؑ کے نعرے کیساتھ دنیا بھر میں یزیدیت کے مقابلے میں ڈٹے رہینگے، تہور حیدری
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کی جانب سے چہلم شہدائے کربلا (ع) کے مرکزی جلوس میں باجماعت نماز ظہرین کا اہتمام ایم اے جناح روڈ پر مسجد و امام بارگاہ علی رضاؑ کے سامنے کیا گیا، نماز ظہرین کی امامت علامہ سید منور علی نقوی نے کی جبکہ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے نماز ظہرین کے درمیان عزادارنِ امام حسینؑ سے خطاب کیا۔ نماز ظہرین کے بعد عزادارانِ سید الشہداؑ نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے۔ نماز ظہرین کے درمیان عزادارانِ امام حسینؑ سے خطاب کرتے ہوئے آئی ایس او پاکستان کے مرکزی صدر تہور عباس حیدری نے کہا کہ یوم اربعین، یوم تجدید عہد ہے، ہم ہمیشہ کی طرح آج بھی یزیدیت کے خلاف میدان عمل میں موجود ہیں اور امام مظلومؑ کی صدائے ہل من ناصر پر لبیک یاحسینؑ کا شعار بلند کرتے ہوئے عصرِ حاضر کی کربلا میں حاضر ہیں، ہم اپنے اجداد کی طرح سر کٹا تو سکتے ہیں لیکن ہرگز یزیدِ وقت کی بیعت کیلئے تیار نہیں، لبیک یاحسینؑ کے نعرے کے ساتھ دنیا بھر میں یزیدیت کے مقابل ڈٹے رہیں گے۔

تہور عباس حیدری نے کہا کہ یزیدیت کے پیروکار تکفیری دہشتگرد ٹولا داعش پوری طاقت کے ساتھ مرکزِ عشق کربلا کو مٹانے جیسے ناپاک یزیدی عزائم رکھتے ہیں، لیکن آج بھی کربلا میں کروڑوں عاشقانِ کربلا کا اجتماع اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ حسینی کبھی بھی یزیدیت کے مقابلے میں میدان نہیں چھوڑ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سرزمین حجاز پر قابض آل سعود جو شام میں جمہوریت کے علمبردار بنے ہوئے ہیں، مگر اپنے زیر اثر سرزمین پر حق کی آواز تک نہیں سننا چاہتے، وقت کے ابوذر آیت اللہ شیخ باقر النمر کو شاہی طرزِ حکومت کے خلاف حق گوئی کے جرم میں سزئے موت کا حکم سنایا گیا ہے، اگر سزائے موت پر عملدرآمد ہوا تو یہ خونِ ناحق آل سعود کی ظالم و باطل بادشاہت کو بہا لے جائے گا۔ مرکزی صدر آئی ایس او کا کہنا تھا کہ امریکی ایماء پر شام اور عراق میں قتل و غارتگری کا بازار گرم کرنے والے دہشت گرد ٹولے داعش کو صہیونی اسرائیل کی بدمعاشی نظر نہیں آتی، غزہ کے مظلوم مسلمان اور ویسٹ بینک میں اسرائیلی نو آباد کاری نظر نہیں آتی۔

مرکزی صدر آئی ایس او پاکستان نے کہا کہ ملت جعفریہ آپریشن ضرب عضب کی بھرپور حمایت کرتی ہے، ملت جعفریہ دہشتگردوں کے خلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، اور وطن عزیز پاکستان سے ان تکفیری دہشتگردوں کو ہر صورت ختم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ تہور عباس حیدری نے کہا کہ شام اور عراق میں اصحاب رسول (ص) اور اولیا اللہ کے مزارات کو تباہ کرنا اس بات کی کھلی دلیل ہے کہ اس تکفیری گروہ داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، بلکہ یہ اسلام کا لبادہ پہن کر درحقیقت گریٹر اسرائیل کی تشکیل اور صہیونی اسرائیل کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں موجود تکفیری گروہ اور ان کے پیچھے کارفرما قوتوں کو ہم جانتے ہیں، کبھی کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، کراچی اور اب اندرون سندھ میں ٹارگٹ کلنگ کے پیچھے چھپے ہاتھوں کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ تہور عباس حیدری کا مزید کہنا تھا کہ جامعہ کراچی کی انتظامیہ مکتب تشیع کی مسجد کی تعمیر جلد از جلد شروع کرے، جامعہ کراچی میں مسجد کا قیام ہمارا آئینی حق ہے۔
خبر کا کوڈ : 425459
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش