0
Monday 15 Dec 2014 13:45

موٹروے کی تعمیرنو کا افتتاح، ہمارے پاس ترقی کا "پلان ڈی" ہے تخریب کاری کا نہیں، نواز شریف

موٹروے کی تعمیرنو کا افتتاح، ہمارے پاس ترقی کا "پلان ڈی" ہے تخریب کاری کا نہیں، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ کوشش ہے کہ موٹروے کے ساتھ جگہ جگہ انڈسٹریل اسٹیٹ بنائی جائے، تیل اور بجلی کے نرخ کم ہونے سے ترقی کا پہیہ تیز چلے گا، پٹرول کی قیمت کم کرنے کا فائدہ کسانوں، صنعتکاروں اور گھریلو صارفین کو ہوگا، ہمارا ’’پلان ڈی‘‘ ملک کی ترقی ہے، تخریب کاری کا ’’پلان ڈی‘‘ کسی اور کے پاس ہے۔ چکوال میں موٹر وے کی تعمیر نو کے آغاز کی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چکوال اسلام آباد لاہور موٹروے دنیا کی بہترین موٹروے میں شمار ہوگی، منصوبے کو مقررہ وقت اور لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جب موٹروے کی تعمیر شروع ہوئی تھی تو رخنے آتے تھے، اب دھرنے آتے ہیں، جو تنقید کرتے تھے وہ بھی آج موٹروے پر سفر کرتے ہیں، آج کل موٹروے پر تیز دوڑنے والے ٹائروں کو آگ لگائی جا رہی ہے، لگتا ہے راستے میں روڑے نہیں پہاڑ کھڑے ہیں، رکاوٹیں ہمارے بڑھنے والے قدم نہیں روک سکتیں، موٹروے ڈیڑھ سال میں مکمل کی جائیگی۔ 

نواز شریف نے مزید کہا کہ برآمدات میں اضافہ ہوگا اور عوام سکھ کا سانس لیں گے، اگلے انتخابات پر ہمارے کارناموں میں درج ہوگا کہ ہم نے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا، ہم نے مہنگائی کی کمر توڑی ہے، جہاں کسی اور کی حکومت ہے وہاں درج ہوگا ہم نے جمہوریت کو گالیاں دیں، ہم نے دھرنے دیئے، ٹائر جلائے اور پاکستان کو ترقی سے روکا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے اپنے وسائل سے مکمل کی، کسی سے قرض نہیں لیا، ایف ڈبلیو حکومت کو 206 ارب روپے بھی ادا کرے گی، ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 6 رویہ موٹروے تعمیر کی گئی، موٹروےکی تعمیر نو کے ساتھ حفاظتی جنگلے کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مختصر مدت میں دوسری بار چکوال آنے پر خوشی ہے، جب بھی منصفانہ انتخابات ہوتے ہیں عوام ہمیں خدمت کا موقع دیتے ہیں۔ 

دیگر ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف موٹروے کی تعمیر نو کے سلسلے میں چکوال پہنچے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ ان کا پلان ڈی ڈویلپمنٹ ہے جب ترقی کی بات کرتے ہیں تباہی کی بات ہونے لگتی ہے۔ رکاوٹیں بڑھتے ہوئے قدموں کو نہیں روک سکتیں، وزیراعظم نے کہا کہ جن کے پاس ڈسٹرکشن والی ڈی ہے، اللہ تعالٰی ان سے پاکستان کو محفوظ رکھے۔ نواز شریف نے کہا 2018ء انتخابات میں حکومت کے کارناموں میں لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ، موٹرویز کی تعمیر معیشت کی بہتری درج ہوگا جبکہ احتجاج کرنے والوں کا ریکارڈ جلاؤ گھیراؤ ہوگا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ گودار سے کاشغر تک موٹر ویز کا جال بچھا دیں گے، بھاشا، داسو، بھونجی ڈیم بننے سے بجلی کی قیمت اور کم ہوگی۔
خبر کا کوڈ : 425829
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش