0
Tuesday 16 Dec 2014 18:23

پشاور سانحہ کے بعد دہشتگردوں کیخلاف ملک گیر آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے، آغا علی رضوی

پشاور سانحہ کے بعد دہشتگردوں کیخلاف ملک گیر آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے، آغا علی رضوی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے آرمی پبلک سکول پشاور میں ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں اور درندوں کی جانب سے معصوم طالب علموں اور اساتذہ پر حملہ سکیورٹی اداوں کی ناکامی ہے اور یہ افسوسناک اور المناک واقعہ ناقابل برداشت ہے۔ دہشتگردوں اور تکفیری مسلح جماعتوں کے خلاف ٹھوس بنیادوں پر آپریشن نہ کرنے اور دہشتگرد جماعتوں کی حکومتی پشت پناہی کا نتیجہ ہے۔ پاکستان کی موجودہ حکومت اس المناک اور افسوسناک سانحہ کے بعد حق حکمرانی کھو چکی ہے۔ یہ حملہ کسی سکول پر نہیں بلکہ علم پر، فکر و شعور پر، پیشہ پیغمبری پر اور پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔ پاکستان آرمی وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے ضامن ہے انہیں دہشتگردوں کے خلاف ملک گیر بے رحم آپریشن کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ مٹھی بھر دہشت گرد جو نہتے بچوں پر بزدلانہ حملہ کر کے رعب جمانا چاہتے ہیں، حقیقت میں بہت کمزور اور بزدل ہیں۔ انکا گھیرا تنگ نہ کیا گیا تو وطن عزیز پاکستان میں عراق جیسی صورتحال بن سکتی ہے۔ اگر ابتدا سے ہی ان بزدلوں، اسلام دشمنوں، پاکستان دشمنوں، انسانیت دشمنوں کے خلاف پاکستان آرمی اٹھ کھڑی ہوتی تو یہ دن دیکھنا نہ پڑتا۔ دہشتگرد تنظیمیں آستین کے سانپ ہیں جہاں مل جائیں ان کے سر کچل دینا ضروری ہے کیونکہ ڈسنا انکی فطرت ہے۔ ان تمام دہشتگردانہ واقعات میں یہ تمام سیاسی پارٹیاں بری الذمہ نہیں جنکے سائے میں دہشتگرد جماعتیں پلتی ہیں اور انکی پشت پناہی ہوتی ہیں۔ وہ تمام سیاسی جماعتیں جنہوں نے طالبان کو بےگناہ ثابت کرنے کی کوشش کی تھی انکو کوئی حق نہیں کہ آج اس سانحہ کی مذمت کریں اور ان پارٹیوں کو بھی بولنے کا کوئی حق نہیں جنہوں نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کی مخالفت کی اور یہ دہشتگرد ٹولے مضبوط ہوگئے۔ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن میں اور پاکستان کی حفاظت کے لیے ہم پاکستان آرمی کے شانہ بشانہ ہیں۔ پاکستان آرمی کو دہشت گردوں کے خلاف ڈٹ جانا چاہیئے اور ملک گیر آپریشن ناگزیر ہو چکا ہے۔
خبر کا کوڈ : 426072
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش