0
Tuesday 16 Dec 2014 16:34
وزیراعظم کا ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان

میرے بچوں پر حملہ کیا گیا، خود دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی نگرانی کرونگا، نواز شریف

میرے بچوں پر حملہ کیا گیا، خود دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی نگرانی کرونگا، نواز شریف
اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم نواز شریف نے سانحہ پشاور پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سکول پر دہشتگردوں کے حملے کی اطلاع ملتے ہی ہنگامی طور پر پشاور پہنچے اور حکام سے صورتحال پر بات چیت کی۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے میرے بچوں پر حملہ کیا ہے۔ میں خود دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی نگرانی کرونگا۔ سانحہ میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کے ساتھ کھڑے ہیں۔ سانحہ پشاور نہ صرف ظلم کی انتہاء ہے بلکہ دہشتگردوں کی جانب سے انتہائی بزدلی کا مظاہرہ بھی ہے۔ وزیراعظم نے پشاور سانحہ پر ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پشاور میں ہونے والی دہشتگردی قومی سانحہ ہے۔ پاک فوج کو دہشتگردوں کیخلاف آپریشن میں حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے۔ ملک سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کرنے کیلئے ہم سب کو ایک ہونا پڑے گا۔ مذمتوں سے آگے بڑھ کر دہشتگردی کیخلاف پالیسی بنانا پڑے گی۔ قوم کو بھی اس آپریشن کی حمایت کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے افواج پاکستان سے مل کر آپریشن ضرب عضب شروع کیا۔ اب دہشتگردوں کیخلاف جنگ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔ آپریشن ضرب عضب تب تک جاری رہے گا جب تک پاکستان سے دہشتگردی ختم نہیں ہو جاتی۔ ہم اپنی سرزمین سے دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کر دینگے۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے سانحہ پشاور پر تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس پشاور میں طلب کر لیا ہے۔ تمام پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس کل صبح 11 بجے گورنر ہائوس میں ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 426078
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش