0
Wednesday 17 Dec 2014 12:21

آئی جی سندھ کی تعلیمی اداروں کیلئے مؤثر سیکیورٹی پلان بنانے کی ہدایت

آئی جی سندھ کی تعلیمی اداروں کیلئے مؤثر سیکیورٹی پلان بنانے کی ہدایت
اسلام ٹائمز۔ پشاور اسکول حملے میں دہشت گردانہ حملے کے تناظر میں آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی نے سندھ پولیس کو چوکس کرتے ہوئے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام سرکاری اور نجی اسکولوں جامعات، کالجز سمیت دیگر مشنری اسکولوں، تعلیمی اداروں کے لئے ضلعی سطح پر فوری طور پر علیحدہ سے کنٹی جنسی پلان تیار کرکے نافذ کیا جائے، سندھ میں ضلعی لحاظ سے مختلف تھانوں کی حدود میں قائم نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کی فہرستوں کا ازسر نوجائزہ لیا جائے، جس میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور عملے سمیت رابطہ و ٹیلی فون نمبروں کا تفصیلی احاطہ کیا جائے، تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو متعلقہ ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز دفاتر کے علاوہ تھانیداروں کے موبائل فون نمبروں کی فہرست کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

سینٹرل پولیس آفس میں پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے آئی جی غلام حیدر جمالی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات، اساتذہ اور عملے کی سیکیورٹی کے لئے متعلقہ اداروں سے فوری اجلاس کیا جائے، جس کے تحت تعلیمی اداروں میں سیکیورٹی کیمروں کی تنصیب طلبہ و طالبات، اساتذہ اور عملے کو خصوصی انٹری کارڈز کے اجراء، مرکزی گیٹس اور اطراف میں ممکنہ تجاوزات کے خاتموں، داخل ہونے والی گاڑیوں کے خصوصی اجازت ناموں، اسٹیکرز کے اجراء و دیگرضروری امور کا تفصیلی احاطہ کیا جائے، بعد ازاں قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اشتراک سے سیکیورٹی کے مجموعی اقدامات کو مزید بہتر بنایا جائے۔

غلام حیدر جمالی نے کہا کہ تمام تعلیمی اداروں اور بالخصوص مضافاتی علاقوں میں قائم پرائیویٹ اور سرکاری اسکولوں، کالجوں، جامعات وغیرہ کے تدریسی عمل کے آغاز اور چھٹی کے اوقات میں اطراف کے تمام مرکزی راستوں پر پولیس گشت اور چیکنگ کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ علاوہ ازیں سینٹرل پولیس آفس میں پولیس افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے آئی جی غلام حیدر جمالی نے کہا ہے کہ پولیس کے لئے مختلف تربیتی کورسز کا انعقاد اور پولیس نصاب کو دور حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کا مقصد ہے کہ آپریشنل و انویسٹی گیشن امور کی جدید تربیت دی جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹر سندھ عبد العلیم جعفری کے علاوہ زونل ڈی آئی جیز کراچی اور ڈی آئی جی سی آئی اے نے بھی شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 426224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش