0
Wednesday 17 Dec 2014 18:11

افغانستان میں ڈرون حملہ، 4 پاکستانی طالبان ہلاک

افغانستان میں ڈرون حملہ، 4 پاکستانی طالبان ہلاک
اسلام ٹائمز۔ مشرقی افغانستان کے صوبہ ننگرہار میں امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں 4 پاکستانی طالبان سمیت 11 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے رائٹرز نے صوبہ ننگرہار کے شیرزاد ڈسٹرکٹ کے گورنر مہلم معشوق کے حوالے سے لکھا ہے کہ امریکی ڈرون نے ایک پک اپ گاڑی پر میزائل داغا، جس کے نتیجے میں منگل کی دوپہر 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں سے 4 کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے بتایا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ سخت گیر پاکستانی اور افغان طالبان ایک دوسرے کی اتحادی جماعتوں کے طور پر پاک افغان سرحد کی دونوں جانب دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ گزشتہ روز بھی افغانستان بارڈر کے قریب واقع شہر پشاور کے ایک اسکول میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے حملہ کر کے 132 بچوں سمیت 141 افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ واضح رہے کہ پاکستان کو 2004 سےقبائلی علاقوں میں شدت پسند اسلامی گروپوں کی مزاحمت کا سامنا ہے۔ وفاق کے زیرِ انتظام پاک افغان سرحد پر واقع شمالی وزیرستان، خیبر ایجنسی اوراورکزئی ایجنسی سمیت سات ایجنسیوں کو عسکریت پسندوں کی محفوظ پناہ گاہ سمجھا جاتا ہے۔

حکومت اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے درمیان امن مذاکرات کی ناکامی اور کراچی ایئرپورٹ پر حملے کے بعد پاک فوج نے رواں برس 15 جون کو شمالی وزیرستان میں آپریشن ضربِ عضب شروع کیا تھا۔ شمالی وزیرستان کی تحصیل میرعلی کو دہشت گردوں سے خالی کروانے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کا دائرہ کار شمالی وزیرستان کے دوردراز علاقوں تک بڑھا دیا ہے۔ جبکہ خیبر ایجنسی اور ملحقہ علاقوں میں بھی ’آپریشن خیبر ون‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز نے اپنی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 426315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش