0
Thursday 18 Dec 2014 14:06

سانحہ پشاور غیر اخلاقی، غیر انسانی اور غیر اسلامی حرکت ہے، میر واعظ عمر فاروق

سانحہ پشاور غیر اخلاقی، غیر انسانی اور غیر اسلامی حرکت ہے، میر واعظ عمر فاروق
اسلام ٹائمز۔ سانحہ پشاور کو انسانیت کا قتل عام قرار دیتے ہوئے کل جماعتی حریت کانفرنس (م) کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ اس واقعہ میں ملوث لوگ نہ صرف پاکستان بلکہ اسلام کے دشمن ہیں اور مسلمانوں کو ایسی اسلام دشمن قوتوں سے خبردار رہنے کی ضرورت ہے، جامع مسجد سرینگر کے باہر پشاور میں حملہ آوروں کی طرف سے کئے گئے حملے میں شہید ہوئے بچوں کا غائبانہ نماز جنازہ پڑھانے سے قبل یہاں موجود سینکڑوں لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے میرواعظ عمر فاروق نے کہا کہ اسلام کو بدنام کرنے والی قوتیں جہاد کے نام پر اس طرح کی گھناونی حرکت کرکے اسلام کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح معصوموں کو شہید کرنے والے نہ صرف اسلام بلکہ پوری انسانیت کے دشمن ہیں، انہوں نے کہا کہ اس طرح کا سانحہ تمام انسانی قدروں، اخلاقی قدروں اور اسلامی قدروں کے خلاف ہے اور دہشت گردی کے اس بدترین واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے، پاکستانی عوام اور خاصکر شہید ہوئے بچوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام ان والدین کے درد اور کرب کو سمجھ سکتے ہیں اور محسوس کرسکتے ہیں کیونکہ کشمیری بھی ظلم اور جبر کی چکی میں دہائیوں سے پیستے جارہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پوری کشمیری قوم پاکستانی بھائیوں کے غم میں شریک ہے اور پوری قوم کے دل حملہ آوروں کی اس بزدلانہ حرکت سے رو رہے ہیں۔

میرواعظ عمر فاروق نے مسلمانوں کو اسلام دشمن عناصر سے خبردار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے معصوم بچوں کو قطاروں میں کھڑا کرکے ان پر بے دردی کے ساتھ گولیاں چلائیں اور انہیں شہید کیا اور دسیوں دیگر کو زخمی کیا، وہ دہشت گرد ہیں اور ان کا نہ ہی اسلام کے ساتھ کوئی لینا دینا ہے اور ایسی قوتوں نے وقت وقت پر اسلام کو بدنام کرنے کیلئے ایسی کوششیں انجام دیں ہیں، انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ اسلام کے سوداگر بن کر بڑا جہاد لڑنے کا دعویٰ کرتے ہیں اور ایسے کام کرتے ہیں جو پوری انسانیت کے نام پر بدنما داغ بن جاتا ہے، میرواعظ نے اس طرح کی کارروائی کو غیر اخلاقی، غیر انسانی اور غیر اسلامی حرکت قرار دیتے ہوئے ان والدین کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا جن کے پھول جیسے بچوں کو کھلنے سے پہلے ہی مرجھایا گیا، انہوں نے کہا کہ کشمیری خود مصیبت زدہ ہیں اور یہاں کی مائیں اس دکھ اور کرب کو زیادہ سمجھ رہی ہیں جن کے بچوں کو لاپتہ کیا گیا اور فرضی جھڑپوں میں جاں بحق کیا گیا، انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام اور پشاور کے مصیبت زدہ بھائیوں کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جموں کشمیر کے مظلوم عوام آپ کے غم میں برابر لے شریک ہیں، انہوں نے کہا کہ اس سانحہ پرنہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا ملامت کا اظہار کررہا ہے، انہوں نے پشاور کے معصوم شہیدوں کے لواحقین سے دلی ہمددری کا اظہار کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ انہیں صبر جمیل ادا کرے۔
خبر کا کوڈ : 426541
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش