0
Thursday 18 Dec 2014 17:25

سانحہ پشاور، ڈی آئی خان میں سول سوسائٹی کی جانب سے شمع بردار ریلی

سانحہ پشاور، ڈی آئی خان میں سول سوسائٹی کی جانب سے شمع بردار ریلی
اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سانحہ پشاور کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کیلئے آواز فورم، ادبی تنظیموں، انجمن ترقی پسند مصنفین، ستارہ ادبی فورم اور بزم ناصر کے زیر اہتمام شمع بردار ریلی نکالی گئی۔ جس میں سول سوسائٹی کے لوگوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلی کا آغاز حقنواز پارک کے سامنے آواز ڈسٹرکٹ فورم کے آفس سے کیا گیا اور اختتام توپانوالہ چوک پر کرتے ہوئے شمعیں روشن کی گئیں۔ ریلی ڈسٹرکٹ فورم کے آفس واپس پہنچی تو وہاں پر تعزیتی اجلاس کا بھی انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت جہانگیر خان ایڈوکیٹ نے کی جبکہ پولیس آفیسر اقبال بلوچ مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر صدر مجلس، مہمان خصوصی، صوبائی صدر انجمن ترقی پسند مصنفین ثناء اللہ شمیم ایڈووکیٹ اور آواز ڈسٹرکٹ فورم کی رکن ناہید بخاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بچوں پر حملہ درندگی کی انتہاء ہے۔ دہشتگردوں کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑی جائے اور اچھے برے طالبان کی تفریق ختم کرکے ان کا مکمل طور پر قلع قمع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین سے اظہار ہمدردی کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور متاثرین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔
خبر کا کوڈ : 426581
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش