QR CodeQR Code

نو نہالوں کو قتل کرنا بدترین دہشت گردی، دارالعلوم رحیمیہ اور مفتی اعظم سمیت کئی مذہبی تنظیموں کا شدید ردعمل

19 Dec 2014 13:08

اسلام ٹائمز: مفتی اعظم کشمیر نے اس بزدلانہ حرکت کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی معاشرے کے خلاف ایک بہت بڑا چلینج قرارا دیا، انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح کا حملہ ساری انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے اس حملے کو وحشیانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے اور تباہی کے دہانے پر لانے کی ایک مذموم کو شش ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور پاکستان میں ایک اسکول پر طالبان حملے میں 140 سے زائد ہلاکتوں پر جموں و کشمیر کی مذہبی، علاحدگی پسند اور سماجی تنظیموں نے شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے، دار العلوم رحیمیہ، مفتی اعظم مفتی بشیر الدین، انجمن حمایت الاسلام، میرواعظ ہمدانی، فریڈم پارٹی اور مسلم لیگ نے واقعہ کی مذمت کی ہے۔ اس دوران ڈاکٹرس ایسوسی ایشن کشمیر نے اس سانحہ کے خلاف احتجاج کیا ہے، دارالعلوم رحیمیہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام سلامتی اور امن کا مذہب ہے، نہ صرف مسلمانوں بلکہ تمام انسانوں کی جان، مال، عزت و آبرو کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے، بیان کے مطابق دوران جنگ بھی عورتوں، بچوں، بوڑھوں، مذہبی مقامات حتی کہ درختوں اور فصلوں کی بھی سلامتی کا قائل ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایسی صورتحال میں یہ بات سمجھ میں نہیں آتی کہ کیسے لوگوں نے ننھے منے پھول جیسے بچوں کا قتل عام کیا۔ اس سانحہ پر نہ صرف علماء کرام بلکہ عام مسلمان بھی غمزدہ اور ماتم کناں ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ایسے واقعات مسلمانوں کی دین سے دوری کا سبب ہیں یا اسلام کے نام پر غیر مسلموں کی حرکت ہے تاکہ اسلام کو بدنام کیا جاسکے، ریاست جموں و کشمیرکے مفتی اعظم مفتی محمد بشیر الدین احمد نے پشاور آرمی سکول میں طالبان کا حملہ انتہائی بزدلانہ اور غیر اسلامی حرکت سے تعبیر کیا ہے، مفتی اعظم کشمیر نے اس بزدلانہ حرکت کی مذمت کرتے ہوئے اسلامی معاشرے کے خلاف ایک بہت بڑا چلینج قرارا دیا، انہوں نے کہا ہے کہ اس طرح کا حملہ ساری انسانیت پر حملہ ہے۔ انہوں نے اس حملے کو وحشیانہ حرکت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے واقعات پاکستان کو کمزور کرنے اور تباہی کے دہانے پر لانے کی ایک مذموم کو شش ہے۔ انہوں نے تمام عالمی برادری کو پاکستان کے ان اندرونی حالات پر اپنا ردعمل ظاہر کرنے اور حالات کو ٹھیک کرنے کی جانب اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنے پر زور دیا ہے، مفتی اعظم نے کہا کہ بچے ہر قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتا ہے اور اُن کی نگرانی اور نگہداشست ساری ملت کی ذمہ داری ہوتی ہے، انجمن حمایت الاسلام کے صدر مولانا خورشید احمد قانونگو اور سرپرست مولانا شوکت حسین کینگ نے پشاور قتل پر سخت صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایسے واقعات مسلمانوں کی دین سے دوری کا سبب ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ اسلام معصوموں اور بے گناہوں کو قتل کرنے کے بالکل خلاف ہے۔ میرواعظ ہمدانی نے پشاور میں دلدوز اور دلخراش واقعہ پر زبردست افسوس اور رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی اس بدترین واقعہ کی شدید مذمت کی ہے اور شہید ہوئے بچوں کے سوگوران کے ساتھ تعزیت کی۔


خبر کا کوڈ: 426719

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/426719/نو-نہالوں-کو-قتل-کرنا-بدترین-دہشت-گردی-دارالعلوم-رحیمیہ-اور-مفتی-اعظم-سمیت-کئی-مذہبی-تنظیموں-کا-شدید-ردعمل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org