0
Friday 19 Dec 2014 22:10

فوجی آپریشن کا دائر ملک بھر میں وسیع کر دیا جائے، شیعہ عمائدین

فوجی آپریشن کا دائر ملک بھر میں وسیع کر دیا جائے، شیعہ عمائدین
اسلام ٹائمز۔ پشاور میں 16 دسمبر کو برپا ہونے والی قیامت صغریٰ سے ہماری قوم ہی نہیں بلکہ پوری مہذب دنیا لرز کر رہ گئی ہے، ان بے گناہوں، معصوم شہریوں کے خون نے ضمیروں کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، امامیہ آرگنائزیشن کے چیئرمین لعل مہدی خان، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیش پاکستان کے نائب صدر علی مہدی سمیت جامعہ المنتظر کے مدرسین نے لاہور پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ شیعہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ سانحہ پشاور اچانک رونما نہیں ہوا، اس خونی کھیل کا پس منظر ربع صدی سے بھی پرانا ہے، یہ سفاک دہشت گردوں کا وہی گروہ ہے جو سالہا سال وطن عزیز کے گلی کوچوں میں چن چن کر بے گناہوں کو قتل کرتا رہا، ہزارہ برادری کے سینکڑوں بے گناہوں کو شہید کیا گیا، لوگوں کو بسوں سے اتار کر شناختی کارڈ دیکھ کر شہید کیا گیا، مساجد، امام بارگاہوں اور درباروں مزاروں پر بم دھماکے اور حملے کئے گئے،کوئی بازار، کھیل کا میدان، سفارتی مشن، اقلتیں کوئی بھی ان دہشت گردوں اور سفاک درندوں سے محفوظ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ نہایت تکلیف دہ اور تلخ حقیقت یہ ہے کہ ہر آنے والی حکومت کو ان دہشت گردوں، ان کے سرپرستوں، ان کی تربیت گاہوں، پناہ گاہوں اور حامیوں کا اچھی طرح علم ہے لیکن کوئی بھی ان کے خلاف کارروائی کرنے کو تیار نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے احتجاج کے باوجود حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، اور آج وہی آگ حکمرانوں کی دہلیز پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے امن کے ضامن قانون خدا قصاص کو پس پشت ڈال دیا، جس کے نتیجے میں سفاک درندے معصوم بچوں کے خون کے پیاسے ہو گئے۔ انہوں نے حساس تنصیبات اور عسکری مراکز کو نشانہ بنایا اب مجبوراً پاک فوج کو میدان میں اترنا پڑا ہے، جو اب اقدامات کئے جا رہے ہیں وہ پہلے کر لئے جاتے تو سینکڑوں گھر اجڑنے سے بچ سکتے تھے۔ شیعہ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم سزائے موت پر پابندی کے فیصلے کو ختم کرنے کے وزیراعظم کے اقدام کو سراہتے ہیں، حکومت کسی دباؤ کی پرواہ کئے بغیر اس پر عمل کرے۔

رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جن دہشت گردوں کے اپیلیں مسترد ہو چکی ہیں انہیں فوری طور پر تختہ دار پر لٹکایا جائے، قانونی سقم اور دیگر وجوہات کی بنا پر بری کئے گئے سفاک دہشت گردوں کو دوبارہ انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے اور قرار واقعی سزا دی جائے۔ رہنماؤں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت جیلوں سے فرار کرائے گئے دہشت گردوں اور ان کے فرار کے ذمہ داروں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور پاک فوج کے آپریشن کا دائرہ ملک بھر میں وسیع کیا جائے اور پاک فوج کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لئے فری ہینڈ دیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں کے حامیوں، سرپرستوں اور مالی معاونت کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
خبر کا کوڈ : 426847
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش