0
Sunday 21 Dec 2014 17:28

فیصل آباد میں مزید 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی

فیصل آباد میں مزید  4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی
اسلام ٹائمز۔ ڈسٹرکٹ جیل فیصل آباد میں پرویز مشرف پر حملے میں ملوث 4 مجرمان کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ فیصل آباد ڈسٹرکٹ جیل میں جن 4 دہشت گردوں کو پھانسی دی گئی  ہے ان میں اخلاص احمد عرف روسی، غلام سرور، زبیر احمد اور راشد محمود عرف ٹیپو شامل ہیں۔ چاروں ملزمان کو سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کے الزام میں پھانسی کی سزا دی گئی تھی۔ ڈیتھ وارنٹ ملنے کے بعد چاروں ملزمان سے ان کے اہل خانہ کی آخری ملاقات بھی کرائی گئی جس کے بعد انہیں پھانسی گھاٹ منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹر نے ان کا آخری مرتبہ معائنہ کیا جس کے بعد انہیں سہ پہر 3 بج کر 35 منٹ پر تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ جیل میں ڈیوٹی پر معمور ڈاکٹر نے تمام مجرموں کی موت کی تصدیق کر دی۔ پہلے مرحلے میں غلام سرور اور راشد ٹیپو کو پھانسی دی گئی اور اس کے بعد دوسرے مرحلے میں اخلاص عرف روسی اور زبیر احمد کو پھانسی پر لٹکایا گیا۔ دوسری جانب جیل کے اطراف  میں سکیورٹی انتہائی سخت ہے اور جیل جانے والے تمام راستوں کو ہر قسم کی آمدورفت کے لئے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ پھانیس کے کچھ دیر بعد دہشت گردوں کی میتیں ورثا کے حوالے کردی گئیں۔ واضح رہے کہ دو روز قبل بھی جی ایچ کیو پر حملے کے مجرم محمد عقیل عرف ڈاکٹر عثمان اور سابق صدر پرویز مشرف پر حملے کے مجرم ارشد محمود کو بھی فیصل آباد جیل میں ہی پھانسی دی گئی تھی۔ سانحہ پشاور کے بعد پاک فوج اور حکومت نے مشترکہ فیصلہ کیا تھا کہ سزائے موت کے منتظر تمام دہشت گردوں کو پھانسی کے پھندے پر لٹکا دیا جائے، حالیہ پھانسیاں اسی سلسلہ کی کڑی ہیں جبکہ یہ سلسلہ جاری و ساری رہے گا۔ ذرائع  کے مطابق لاہور کی کوٹ لکھپت جیل میں 4 دہشت گردوں کو پھانسیاں دیئے جانے کا امکان ہے۔ کوٹ لکھپت جیل میں کسی بھی وقت دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکایا جا سکتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 427224
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش