QR CodeQR Code

نیا پاکستان، ڈی آئی خان پولیس نے احتجاج کرنیوالے لواحقین پر مقدمہ درج کردیا

21 Dec 2014 19:01

اسلام ٹائمز: گزشتہ دنوں ڈی آئی خان کے زنانہ ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غفلت سے تین بچے جاں بحق ہو گئے تھے، جس کے خلاف ورثاء نے شدید احتجاج کیا تھا، انتظامیہ نے ڈاکٹروں کے خلاف ایکشن لینے کے بجائے بچوں کے ورثا پر مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں شروع کردیں۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں پولیس نے ڈاکٹروں کی غفلت سے ہلاک ہونے والے بچوں کے ورثا پر مقدمہ درج کر دیا ہے۔ گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال زنانہ میں رات گئے ڈاکٹروں کی عدم موجودگی کے باعث تین نومولود بچے دم توڑ گئے تھے۔ جب کہ ان میں سے دو بچوں کو علاج کی غرض سے لایا گیا تھا۔ بچوں کی ہلاکتوں کے خلاف ان کے ورثاء سراپا احتجاج بن گئے تھے، اور انہوں نے ہسپتال میں توڑ پھوڑ کے علاوہ سڑک پر ٹریفک بھی بند کر دی تھی۔ مظاہرین نے واقعے کی انکوائری کا مطالبہ کیا تھا اور سیکرٹری صحت سے نوٹس لینے کی اپیل کی تھی۔ مظاہرے کے خلاف ہسپتال کے ایم ایس ڈاکٹر کریم شاہ نے تینوں بچوں کی ہلاکت کو معمول کی کاروائی قرار دیکر ہر قسم الزامات مسترد کر دیئے تھے۔ دوسری جانب ڈیرہ پولیس نے ڈاکٹر فرمان اللہ کی مدعیت میں ورثاء کیخلاف مقدمہ درج کیا ہے، جبکہ وقوعہ کے روز ڈاکٹر فرمان اللہ ہسپتال میں موجود ہی نہیں تھے۔ جس کی تصدیق ہسپتال انتظامیہ نے بھی کی تھی۔ پولیس نے لواحقین پر دفعہ ۵۰۶,۱۸۶,۴۲۷ کے تحت مقدمہ درج کرکے گرفتاریاں شروع کردیں ہیں، جبکہ ورثاء نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں نیا پاکستان کہیں نظر آئے یا نہ آئے، ہسپتالوں میں ضرور نظر آرہا ہے، جہاں پہلے بچوں کو مارا جاتا ہے اور بعد میں ان کے والدین کو مقدموں میں گھسیٹا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 427263

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/427263/نیا-پاکستان-ڈی-آئی-خان-پولیس-نے-احتجاج-کرنیوالے-لواحقین-پر-مقدمہ-درج-کردیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org