QR CodeQR Code

لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کی فوج کے حق میں ریلی

21 Dec 2014 19:11

اسلام ٹائمز:ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں، جیلوں میں قید دہشت گردوں کو پھانسیاں دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار دہشت گردوں کو بھی سپیڈی ٹرائل کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پشاور میں پیش آنے والے دہشت گردی کے دلسوز واقعہ کے خلاف اور پاک فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے زیراہتمام مال روڈ پر مسجد شہدا سے پنجاب اسمبلی تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی صدر ڈاکٹر رحیق احمد عباسی نے۔ ریلی میں خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی جنہوں نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر دہشت گردی کے خلاف اور پاک فوج کے حق میں نعرے درج تھے۔ پاکستان عوامی تحریک کی ریلی میں سکھ اور مسیحی رہنماؤں نے بھی شرکت کی اور پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اسلام کا چہرہ مسخ کر رہے ہیں، جیلوں میں قید دہشت گردوں کو پھانسیاں دینے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ گرفتار دہشت گردوں کو بھی سپیڈی ٹرائل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں، یہ استعمار کے ایجنٹ ہیں، پوری قوم پاک فوج کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ آپریشن ضرب عضب کو پورے ملک تک پھیلایا جائے اور آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک آپریشن کو جاری رکھا جائے۔ سکھ رہنما سردار بشن سنگھ نے کہا کہ پاکستان کی ساری سکھ برادری پاک فوج کے ساتھ ہے اور دہشت گردی کے مذمت کرتے ہیں، دہشت گردوں کا تعلق کسی بھی مذہب سے نہیں ہوتا دہشت گرد دہشت گرد ہوتا ہے اس لئے ان کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔


خبر کا کوڈ: 427264

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/427264/لاہور-میں-پاکستان-عوامی-تحریک-کی-فوج-کے-حق-ریلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org