QR CodeQR Code

دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا تمام مذاہب امن کی تعلیم دیتے ہیں، سراج الحق

21 Dec 2014 22:46

اسلام ٹائمز: سانحہ پشاور کے شہید بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی پر دینی جماعتوں کو مورد الزام ٹھہرانا سیکولر لابی اور استعماری قوتوں کے ایجنٹوں کا طے شدہ ایجنڈا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خاتمہ کے لیے پورے ملک سے غیر قانونی اسلحہ تحویل میں لے کر اسے سرکاری اسلحہ خانہ میں جمع کرایا جائے۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پوری کرے۔ ملک میں طبقاتی اور استحصالی نظام کا خاتمہ اور یکساں نظام تعلیم رائج کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیفائیڈ میڈیا کلب کے زیر اہتمام سانحہ پشاور کے شہید بچوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منعقدہ قومی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور، پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید، سلمان غنی، بریگیڈئر (ر)فاروق احمد، ہائی کورٹ بار کے صدر شفقت محمود چوہان، جنرل (ر) جاوید محمود، حامد ریاض ڈوگر و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ امریکہ نے اپنا اسلحہ بیچنے کے لیے پوری دنیا میں دہشتگردی پھیلا رکھی ہے۔ 15 اسلامی ممالک پر امریکہ نے جنگ مسلط کر رکھی ہے۔ عراق، افغانستان اور پاکستان امریکی دہشتگردی کا براہ راست شکار ہوئے جہاں لاکھوں مسلمانوں کا قتل عام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا تمام مذاہب امن کی تعلیم دیتے ہیں اور اسلام تو ایک انسان کے ناحق خون کو پوری انسانیت کا قتل قرار دیتا ہے۔ دہشتگردی پر دینی جماعتوں کو مورد الزام ٹھہرانا سیکولر لابی اور استعماری قوتوں کے ایجنٹوں کا طے شدہ ایجنڈا ہے۔ مولانا فضل الرحمن اور قاضی حسین احمد پر دہشتگردی کے حملے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے اجتماع عام کے موقع پر دنیا کے 33ممالک سے اسلامی تحریکوں کے قائدین نے پرامن اور جمہوری طریقے سے اپنی دعوت کو آگے بڑھانے کا عزم کیا۔


خبر کا کوڈ: 427292

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/427292/دہشتگرد-کا-کوئی-مذہب-نہیں-ہوتا-تمام-مذاہب-امن-کی-تعلیم-دیتے-ہیں-سراج-الحق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org