0
Sunday 21 Dec 2014 23:59

جی ایچ کیو اور مشرف پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو تختہ دار پر لٹکانا احسن اقدام ہے، الیاس صدیقی

جی ایچ کیو اور مشرف پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو تختہ دار پر لٹکانا احسن اقدام ہے، الیاس صدیقی
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان گلگت بلتستان کے ترجمان محمد الیاس صدیقی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ جی ایچ کیو اور مشرف پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو تختہ دار پر لٹکانا احسن اقدام ہے اور اس جرات مندانہ اقدام پر پاک فوج کی مکمل حمایت کرتے ہیں البتہ صرف دو چار دہشت گردوں کو پھانسی پر لٹکانے سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہونگے جب تک پچاس ہزار بیگناہ مرد و خواتین اور بچوں کے قاتلوں کو پھانسی کے پھندے تک نہ پہنچایا گیا تو شہداء کے خون کے ساتھ غداری ہوگی۔ کراچی سے خیبر تک جتنے بھی دہشت گرد پھانسی کی سزا کے منتظر ہیں کو فوراً تختہ دار پر لٹکایا جائے اور انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فوری گرفتاری عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ قراقرم پر لالو سر، کوہستان، نانگا پربت اور چلاس کے مقام پر بیگناہ مسافروں اور غیر ملکی سیاحوں کو خاک و خون میں غلطاں کرنے والے دہشت گردوں کی تاحال عدم گرفتاری انتہائی تشویشناک ہے اور سانحہ چلاس کے مجرموں کو عدالتوں سے ضمانت پر رہا کروا کر شہداء کے مقدس لہو کا مذاق اڑایا گیا ہے۔ گلگت بلتستان حکومت دہشت گردوں کی دھمکیوں سے مرعوب ہو کر انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری سے چشم پوشی کر رہی ہے جو علاقے کی سالمیت کیلئے خطرہ کی گھنٹی ہے۔ صوبائی حکومت کی بار ہا یقین دہانیوں کے باوجود ان دہشت گردوں کی گرفتاری میں لیت و لعل سے کام لینا سمجھ سے بالاتر ہے۔

انہوں نے اسلام آباد کی سول سوسائٹی کی جانب سے طالبان اور داعش کی حمایت کرنے پر لال مسجد کے خطیب عبدالعزیز کے خلاف احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے حامی اس مولوی کو گرفتار کر کے غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ ملک کے ہر شہری کو اسلام آباد کے شہریوں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے قریہ قریہ دہشت گردوں اور ان کے حامیوں کے خلاف اعلان جنگ کرنا چاہئے، جب تک عوام دہشت گردوں اور ان کے ہمدردوں کا تعاقب نہیں کریں گے دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں۔ انہوں نے پاک فوج کی دہشت گردوں کے خلاف کاروائی کی تائید کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے بیگناہ مسافروں، غیر ملکی سیاحوں اور پاک آرمی کے قتل عام میں ملوث مجرموں کی گرفتاری اور سزا کو یقینی بنائیں۔
خبر کا کوڈ : 427315
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش