0
Wednesday 3 Nov 2010 15:18

لندن،الطاف حسین سے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کی طویل ملاقات

لندن،الطاف حسین سے وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کی طویل ملاقات
 لندن:اسلام ٹائمز-جنگ نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین سے ایک طویل ملاقات کی۔منگل کی شام ہونیوالی اس طویل ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال،ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے باہمی تعلقات،کراچی میں چند روز قبل پیش آنے والے سانحہ شیرشاہ سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ رحمن ملک نے الطاف حسین سے پہلے ون ٹو ون ملاقات کی اور ملکی و بین الاقوامی صورتحال پر تصیلی گفتگو کی،جس کے بعد رابطہ کمیٹی کے ارکان بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔ملاقات میں رحمن ملک نے الطاف حسین کو صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے خیرسگالی کا پیغام دیا اور انہیں پاک امریکا اسٹریٹیجک ڈائیلاگ،خطہ کی صورتحال،سانحہ شیرشاہ سمیت کراچی میں قیام امن کے سلسلے میں کئے جانیوالے اقدامات اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے ملک میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ،تیزی سے بڑھتی ہوئی مہنگائی،بجلی اور گیس کی طویل لوڈشیڈنگ اور عوام کو درپیش مسائل پر اپنی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام بہت پریشان ہیں،لہٰذا حکومت کو ان مسائل کو حل کرنے پر سنجیدگی سے توجہ دینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں مستقل اور دیرپا امن کے قیام کیلئے لینڈ مافیا،ڈرگ مافیا،اسلحہ مافیا اور بھتہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہونی چاہیے اور سانحہ شیرشاہ میں ملوث تمام جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کیا جانا چاہیے اور متاثرہ دکانداروں کو فوری انصاف ملنا چاہیے۔ 
اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے ارکان نے مخلوط حکومت کے حوالے سے ایم کیو ایم کے تحفظات ایک بار پھر وفاقی وزیر داخلہ کے سامنے رکھے اور بار بارکی یقین دہانیوں کے باوجود تحفظات دور نہ کئے جانے اور مسائل حل نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔اس موقع پر رحمن ملک نے یقین دلایا کہ ایم کیو ایم کے تمام تحفظات دور کئے جائیں گے،مسائل حل کئے جائیں گے اور ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی جمہوریت کے استحکام اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے آپس میں مل جل کر کام کریں گی۔الطا ف حسین نے ایم کیو ایم کے تحفظات اور مسائل کو پوری ہمدردی سے سننے پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک کا شکریہ ادا کیا اور مسائل کے حل کے سلسلے میں انکے کردار کو مثبت اور بہتر قرار دیا۔انہوں نے کرپشن کے خاتمہ کے سلسلے میں رحمن ملک کی کوششوں کوبھی سراہا۔
الطاف حسین نے صدر مملکت اور وزیراعظم کیلئے بھی جواباً نیک جذبات کا اظہار کیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے الطاف حسین سے ایم کیو ایم کے کنوینر ڈاکٹر عمران فاروق کی المناک شہادت پر صدر مملکت اور وزیراعظم کی جانب سے تعزیت کی اور شہید رہنما کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔انہوں نے ڈاکٹر عمران فاروق شہید کی کراچی میں تدفین کے انتظامات کے سلسلے میں اپنی اور حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خبر کا کوڈ : 42740
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش