0
Monday 22 Dec 2014 14:05

سندھ میں تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ کو مقناطیسی بموں سے اڑانے کا خدشہ

سندھ میں تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ کو مقناطیسی بموں سے اڑانے کا خدشہ
اسلام ٹائمز۔ محکمہ داخلہ حکومت سندھ نے کراچی سمیت صوبے بھر میں تعلیمی اداروں میں طلبہ و طالبات کو لانے اور لے جانے کیلئے استعمال ہونے والی ٹرانسپورٹ میں دہشتگردی کے واقعے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے، اور واضح کیا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ دہشت گرد تعلیمی اداروں کی ٹرانسپورٹ کو مقناطیسی بموں سے اڑا سکتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق سیکریٹری داخلہ سندھ ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے کہا ہے کہ یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ دہشت گرد تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات کو لانے اور لے جانے کیلئے استعمال ہونے والی گاڑیوں میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں، اور خدشہ ہے کہ ان گاڑیوں کو مقناطیسی بموں سے اڑایا جا سکتا ہے۔

سیکریٹری داخلہ سندھ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹرز جنرل کالجز سندھ، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ اسکولز سندھ اور تمام اضلاع کے تعلیمی اداروں کے پرنسپلز کو ہدایت دی ہے کہ وہ طلبا و طالبات کی حفاظت کے لئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ تمام ڈپٹی کمشنرز متعلقہ سرکاری تعلیمی افسران اور تعلیمی اداروں کے پرنسپلز طلبہ وطالبات کو ٹرانسپورٹ کی سہولتیں فراہم کرنے والے مالکان کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس منعقد کریں، اس اجلاس میں ہر تعلیمی ادارے کے زیر استعمال ٹرانسپورٹ کے ڈرائیورز کے کوائف جمع کئے جائیں اور ڈرائیورز کو پابند کیا جائے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو کسی بھی مقام پر کھڑا کرتے وقت چھوڑ کر نہ جائیں، کیونکہ یہ گاڑیاں طلبہ و طالبات کو لانے لے جانے کیلئے استعمال ہوتی ہیں، ان گاڑیوں کے ساتھ ہمہ وقت رہیں جن مقامات پر یہ گاڑیاں کھڑی ہوتی ہیں، وہاں کے اردگرد کے ماحول پر کڑی نظر رکھی جائے۔ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا شخص کے بارے میں فوری اطلاع متعلقہ پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن پر دی جائے۔

سیکریٹری داخلہ نیاز علی عباسی نے متعلقہ اداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ اسکول ٹرانسپورٹ کی حفاظت کے لئے اپنی سطح پر سیکیورٹی کے مناسب انتظامات کریں۔ سیکریٹری داخلہ نے پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی اداروں کے اطراف گشت بڑھایا جائے اور مشکوک سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے کے لئے خفیہ نظام کو مربوط کیا جائے۔ سیکریٹری داخلہ نے ہدایت کی کہ متعلقہ تعلیمی اداروں کے پرنسپل اس حوالے سے فوری طور پر حکمت عملی مرتب کریں اور اس حوالے سے کوئی کوتائی برداشت نہیں کی جائے گی۔ سیکریٹری داخلہ نے واضح کیا ہے کہ سندھ حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کے اطراف سیکیورٹی انتظامات کو بہتر بنانے کے لئے ہدایات جاری کر دی ہیں اور اس پر عمل درآمد کرنا تمام متعلقہ اداروں پر لازم ہے۔ انھوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حوالے سے فوری طور پر حکمت عملی مرتب کریں، اور تعلیمی اداروں کے اطراف سیکورٹی کیلئے فوری طور پر لائحہ عمل مرتب کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 427403
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش