0
Tuesday 23 Dec 2014 15:49
"سنجار" شہر پر عراقی فورسز کا مکمل کنٹرول

موصل شہر کی آزادی کیلئے گرینڈ آپریشن کی تیاریاں مکمل، تکفیری دہشتگرد شہر سے بھاگنا شروع ہوگئے

موصل شہر کی آزادی کیلئے گرینڈ آپریشن کی تیاریاں مکمل، تکفیری دہشتگرد شہر سے بھاگنا شروع ہوگئے
اسلام ٹائمز۔ عراق کے علاقے کردستان کا اہم اور اسٹریٹیجک شہر "سنجار" کئی ہفتوں کی لڑائی کے بعد تکفیری دہشت گرد عناصر سے پاک کر دیا گیا ہے اور اس پر اس وقت عراقی مسلح افواج، کرد پیشمرگ فورسز اور عوامی رضاکار فورسز کا مکمل کنٹرول برقرار ہوچکا ہے۔ یہ شہر ہاتھ سے نکل جانے کے بعد تکفیری دہشت گرد گروہ "داعش" اب تک خود ہی اپنے کئی کمانڈرز اور جنگجووں کو سزائے موت دے چکا ہے۔ سنجار شہر گذشتہ 5 ماہ سے تکفیری دہشت گردوں کے قبضے میں تھا اور اب اس کی آزادی کو موصل شہر کی آزادی کا پیش خیمہ قرار دیا جا رہا ہے۔ 
 
عراق کے سابق رکن اسمبلی زھیر الاعرجی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، "رات کو موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے تل افر کے علاقے میں اپنے 3 کمانڈرز کو جو سعودی شہری تھے، سزائے موت دے دی ہے۔ اسی طرح کئی دوسرے عرب اور غیر عرب داعش کمانڈرز کو بھی سزائے موت دیئے جانے کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔" زھیر الاعرجی نے مزید بتایا کہ سنجار اور تل افر سے فرار کرنے والے 50 تکفیری دہشت گرد خود داعش کے ہاتھوں گرفتار ہوچکے ہیں اور اس وقت موصل کے جیل میں ہیں، جنہیں سزائے موت دیئے جانے کا امکان ہے۔ 

العہد نیوز ویب سائٹ نے عراق کے باخبر سکیورٹی ذرائع کے بقول لکھا ہے کہ "زمار" اور "سنجار" کی آزادی کے بعد اس علاقے میں موجود داعش دہشت گرد کمانڈرز اور جنگجووں کی اکثریت پسپائی اختیار کرچکی ہے۔ اسی طرح موصل سے موصولہ رپورٹس کے مطابق تکفیری دہشت گرد گروہ داعش سے وابستہ دہشت گردوں کی بڑی تعداد موصل چھوڑ کر شام کی طرف بھاگ رہے ہیں، جبکہ عراق کی سکیورٹی فورسز نے موصل کے مغرب میں واقعہ سنجار اور ربیعہ شہروں کی جانب سے عراق اور شام کے سرحدی علاقے کا کنٹرول مکمل طور پر اپنے ہاتھ میں لے رکھا ہے۔ 
 
یاد رہے کہ داعش سے وابستہ تکفیری دہشت گرد جولائی کے مہینے میں عراق کے صوبہ نینوا میں پیش قدمی کرتے ہوئے کرد شہر سنجار میں داخل ہوگئے تھے۔ اس وقت اس شہر کا کنٹرول کرد پیشمرگ فورسز کے ہاتھ میں تھا، جنہوں نے تھوڑی مزاحمت کے بعد ہی شہر سے پسپائی اختیار کر لی تھی۔ سنجار شہر پر تکفیری دہشت گردوں کے قبضے کے بعد سینکڑوں ایزدی قبیلے کے لوگ داعش کے محاصرے میں آگئے تھے۔ عراق کی مسلح افواج اور کرد پیشمرگ فورسز نے سنجار کے پہاڑوں میں ریسکیو آپریشن انجام دیا اور وہاں پھنس جانے والے ہزاروں ایزدی باشندوں کو محفوظ مقام تک پہنچایا۔ 
 
عراق کے وزیراعظم حیدر العبادی جو ان دنوں کویت کے دورے پر ہیں، نے کہا ہے کہ عراق عنقریب اپنی پوری سرزمین کو تکفیری دہشت گردوں کی لعنت سے پاک کر دے گا۔ انہوں نے سنجار کی آزادی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ عراق کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صرف خطے کے ممالک کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عراق نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں انتہائی اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں اور بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا ہے۔ حیدر العبادی نے کہا کہ کویت کے ساتھ ہمار تعاون بہت وسیع ہے۔ 
 
موصل کے مغرب میں تل افر فوجی ہوائی اڈے کو بھی آزاد کروا لیا گیا:
صوبہ نینوا میں واقع شہر سنجار پر عراقی سکیورٹی فورسز کے قبضے کے بعد موصل کے مغرب میں واقع تل افر آرمی ایئر پورٹ پر بھی عراقی سکیورٹی فورسز اور رضاکار عوامی فورسز کا قبضہ ہوگیا ہے اور اس کے اردگرد کے علاقے کو تکفیری دہشت گرد عناصر سے پاک کر دیا گیا ہے۔ عراق کی اینٹی ٹیروریزم فورسز نے ایک خصوصی آپریشن کے بعد تل افر فوجی ہوائی اڈے پر اپنا کنٹرول برقرار کر لیا ہے۔ عراق کے باخبر فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ عراق آرمی کی اسپشل یونٹ "الفرقہ الذھبیہ" نے بھی تل افر فوجی ہوائی اڈے کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس آپریشن میں ہیلی کاپٹرز کے ذریعے فورسز کو ہوائی اڈے میں داخل کیا گیا۔ 
 
بیجی پر تکفیری دہشتگردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا:
عراقی سکیورٹی فورسز نے صوبہ صلاح الدین میں واقع شہر بیجی پر تکفیری دہشت گردوں کا بڑا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ ایک اہم فوجی ذریعے نے نام فاش نہ ہونے کی شرط پر بتایا کہ عراق آرمی نے مقامی قبائلی جنگجووں کی مدد سے بیجی شہر کے جنوبی حصے سے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تکفیری دہشت گردوں کا مقابلہ کیا۔ اس جھڑپ میں 11 تکفیری دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ صوبہ صلاح الدین کے گورنر رائد الجبوری نے صحافیوں کو بتایا کہ بیجی شہر اب تک تکفیری دہشت گرد عناصر کی جانب سے کئی شدید حملوں کا نشانہ بنتا رہا ہے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے درخواست کی کہ وہ شہر کے دفاع میں مقامی فورسز کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ بیجی میں آئل ریفائنری ہونے کے ناطے تکفیری دہشت گرد عناصر ایک عرصے سے اس شہر پر حملے کر رہے ہیں۔ گذشتہ رات بھی شہر کے مرکزی حصے میں تکفیری دہشت گردوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوگئے تھے۔ 
 
صوبہ الانبار میں الرمادی کے مغرب میں واقع شہر "وفا" پر سکیورٹی فورسز کا قبضہ:
عراق کی سکیورٹی فورسز نے قبائلی جنگجووں کی مدد سے صوبہ الانبار کے شہر الرمادی کے مغرب میں 35 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع قصبے "وفا" کو تکفیری دہشت گرد عناصر کے قبضے سے آزاد کروا لیا ہے۔ صوبہ الانبار کی صوبائی کونسل کے سربراہ نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ سکیورٹی فورسز اور قبائلی جنگجووں کے مشترکہ آپریشن میں وفا شہر کو مکمل طور پر تکفیری دہشت گرد عناصر سے پاک کر دیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 428612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش