QR CodeQR Code

ڈی آئی خان، کلاچی میں پولیس کا سرچ آپریشن، 8 مشتبہ افراد گرفتار

29 Dec 2014 00:57

اسلام ٹائمز: ڈی پی او کی قیادت میں پولیس کی بھاری نفری نے تحصیل کلاچی کے علاقے زڑکنی میں بکتر بند گاڑیوں اور بھاری اسلحہ کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا، گھر گھر تلاشی کے دوران ایک سو سات رائفلز اور گولیوں کی بھاری مقدار برآمد کرکے آٹھ مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔


اسلام ٹائمز۔ ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس نے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کر کے آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈی پی او ڈیرہ صادق حسین بلوچ کی قیادت میں کلاچی درابن اور ایلیٹ فورس کی بھاری نفری نے تحصیل کلاچی کے علاقہ زڑکنی میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پولیس کے ہمراہ بکتر بند گاڑیاں اور دیگر جدید سامان بھی تھا۔ پولیس کو اطلاع ملی کہ اس علاقے میں دہشتگرد اور اشتہاری ملزمان موجود ہیں۔ پولیس نے 35گھروں کی تلاشی لی۔ پولیس نے اس موقع پر ایک سو سات عدد 3x3 بور رائفلز اور بھاری مقدار میں کارتوس برآمد کر لئے۔ پولیس نے اس موقع پر آٹھ مشکوک افراد کو بھی گرفتار کر لیا۔ جن کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ سانحہ پشاور کے بعد ڈیرہ اسماعیل خان پولیس نے بھی ضلع بھر کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کاسلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس دوران پولیس کو بھاری مقدار میں ناجائز اسلحہ برآمد ہوا اور کئی افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ جن سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ دوسری طرف صدر پولیس کی بھاری نفری نے بھی علاقہ ہمت، شور کوٹ اور پشہ میں سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران پولیس نے درجنوں مشکوک افراد کو تفتیش کیلئے گرفتار کر لیا۔


خبر کا کوڈ: 428843

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/428843/ڈی-آئی-خان-کلاچی-میں-پولیس-کا-سرچ-آپریشن-8-مشتبہ-افراد-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org