QR CodeQR Code

علامہ ساجد نقوی کی ہدایات سے رہنمائی لیتے ہوئے نوجوانوں میں تہذیب اسلامی کے فروغ کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائینگے، وفا عباس

29 Dec 2014 10:18

اسلام ٹائمز: ڈی آئی خان میں کنونشن سے خطاب میں جے ایس او کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ تہذیب اسلامی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مغربی استعماری طاقتیں نام نہاد مغربی تہذیب کی آڑ میں نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے جدا کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر وفا عباس نے کہا ہے کہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی ہدایات سے رہنمائی لیتے ہوئے نوجوانوں میں تہذیب اسلامی کے فروغ کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن کی جانب سے منعقدہ کنونشن میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جے ایس او، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے خطابات سے رہنمائی لیتے ہوئے نئے سال کو ’’تہذیب اسلامی کے فروغ کا سال‘‘ کے عنوان سے منائے گی، اس حوالے سے ملک بھر میں یونیورسٹی و کالج کی سطح پر سیمینارز، کانفرنسوں اور مختلف نشستوں کا انعقاد کیا جائے گا۔
 
وفا عباس کا مزید کہنا تھا کہ تہذیب اسلامی کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مغربی استعماری طاقتیں نام نہاد مغربی تہذیب کی آڑ میں نوجوانوں کو اسلامی تہذیب سے جدا کرنے پر تلی ہوئی ہیں۔ آج کے نوجوان کو روشن خیالی اور آزادی کے نام پر اخلاقی پستیوں کی جانب دھکیلا جا رہا ہے۔ فحاشی اور بے حیائی کا کلچر عام ہے۔ تعلیمی نصاب کے ذریعے آج کے نوجوان کو کیپٹلزم، کمیونزم، سوشلزم کی ترغیب دی جا رہی ہے اور اسلامی تہذیب و ثقافت کو پرانی، فرسودہ اور آج کی تیز رفتار دنیا کے تقاضوں کا مقابلہ نہ کرنے والی تہذیب کا لیبل لگا کر پیش کیا جا رہا ہے، جبکہ یہ بات بخوبی عیاں ہے کہ اسلامی تہذیب حقیقتاً فطری تقاضوں سے ہم آہنگ ہے۔ یہ کسی کو اس بات کی اجازت نہیں دیتی، وہ انسان جیسی عظیم اشرف مخلوق کو بے حیائی، بے انصافی اور اخلاقی برائیوں کی پستیوں میں لاکھڑا کرے بلکہ اس کے مقابل وہ انسان کو اخلاقی فضائل و کمالات سے مزین دیکھنا چاہتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 428877

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/428877/علامہ-ساجد-نقوی-کی-ہدایات-سے-رہنمائی-لیتے-ہوئے-نوجوانوں-میں-تہذیب-اسلامی-کے-فروغ-کیلئے-ہر-ممکن-اقدامات-کئے-جائینگے-وفا-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org